کشمیرایشواگلے لیول پر لے جانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں،عمران خان

فوٹو : سکرین گریب

مظفر آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے بھارت نے 80 لاکھ کشمیریوں کو نظربند کیا ہوا ہے، میں نے ہر فورم پرکشمریوں کا مقدمہ لڑا اور انٹرنیشنل میڈیا کو انٹرویوز بھی دیے تاکہ بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو۔ اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی اور واشنگٹن میں امریکی صدر کے سامنے بھی مسئلہ کشمیر اٹھایا۔

  یوم یکجہتی کشمیر پر آزاد کشمیر کی  قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جمہوریت سے ملک میں خوشحالی آتی ہے،  دنیا کی تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ جمہوریت سب سے بہتر نظام ہے اس لیے جتنی بہتر جمہوریت ہوگی اتنی خوشحالی ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا بھارت تباہی کی جانب گامزن ہے اور میرا ایمان ہے کہ اب کشمیر آزاد ہو کر رہے گا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے جو قدم اٹھایا اس کے بعد مجھے یقین ہے کشمیر آزاد ہوگا کیونکہ 5 اگست کو مودی نے کشمیر کی حیثیت ختم کرکے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اونچ نیچ اللہ کی طرف سے آتی ہے، قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں، مشکل وقت میں قومیں صبر کرتی ہیں، مشکل وقت سے نکل کر ہم عظیم قوم بنیں گے۔

وزیراعظم  نے کہا کہ یورپین پارلیمنٹ میں 600 ممبران نے کشمیر پر قرارداد پاس کی جب کہ بین الاقوامی میڈیا بھی اب کشمیر کو اہمیت دے رہا ہے، کشمیر کے ایشوز کو اگلے لیول پر لے جانے کے لیے منصوبہ بندی کررہے ہیں، دنیا کشمیر پر ہمارے نکتہ نظر کو اہمیت دے رہی ہے۔

عمران خان نے ایک بار پھر اس خدشہ کا اظہار کیا کہ بھارت کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے فوجی آپریشن کرسکتا ہے، 5 اگست کے بعد ہمیں کشمیر کے معاملے پر آر ایس ایس کا فلسلفہ بے نقاب کرنے کا موقع ملا ہے  جس کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے علاوہ دیگر ممالک کے سربراہوں سے بات کی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بھارت نے شہریت قانون سے اقلیتوں کو دیوار سے لگا دیا ہے وہاں  مسلمانوں کو نہیں مسیحی اور ہندوؤں کو بھی خطرات لاحق ہیں، بھارت میں علیحدگی پسند تحریکیں شروع ہوچکی ہیں، بھارت تباہی کی جانب بڑھ رہا ہے، مودی بھارت کو جہاں لے گیا اب پیچھے نہیں ہٹ سکتا۔

مودی اور بھارتی آرمی چیف کے پاکستان کے خلادف بیانات پر عمران خان نے کہا کہ بھارت گھبراہٹ کا شکار ہے،  پاکستان سے متعلق بیانات بھارتی قیادت کی بوکھلاہٹ کا عکاس ہیں کیونکہ  مودی نارمل انسان نہیں، پاکستان کو گیارہ دن میں فتح کرنے کا بیان نارمل انسان نہیں دے سکتا۔

Comments are closed.