بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر تحمل کا مظاہرہ کیا،آرمی چیف

فوٹو : فائل

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے بھارت ایک پالیسی کے تحت کشمیریوں کے حقوق غصب اورانہیں طاقت کے اندھا دھند استعمال سے دبا رہا ہے، وادی کو جیل میں تبدیل کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو قید کردیا گیا ہے.

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور جارحیت مسلط کئے ہوئے ہے.

آرمی چیف نے کہا کہ ہم ہر قیمت پر ثابت قدمی سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں، اس سال پانچ فروری یک جہتی کے اظہار سے بڑھ کر ہے، ثابت قدمی سے بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ کشمیری یواین قراردادوں کی روشنی میں اپنا حق خودارادیت حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کر رہےہیں، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی.

انھوں نے کہاہم دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہینگے، کشمیری جدوجہد میں اکیلے نہیں ہم ان کی تکالیف اور بہتر کل کے خوابوں میں، ہر قیمت پر ثابت قدمی سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق غضب کر کے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جا رہا ہے، وادی کو جیل میں تبدیل کر کے لاکھوں کشمیریوں کو قید کر دیا گیا ہے۔

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ مرد، خواتین، بوڑھے، بچے اور بیمار حق خود ارادیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ہندوستانی جبر و استبداد کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے والے کشمیریوں بہن بھائیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں، تاہم بھارتی افواج مسلسل ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں کر رہی ہیں، جان بوجھ کر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے.

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارے جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ پاک فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں مستعد ہے، پاک فوج ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد رکھتے ہیں.

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں، کشمیریوں کیلئے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اپنے پیغام میں کہا سات دہائیوں سے یو این قراردادوں کے برعکس کشمیری بنیادی انسانی حقوق سے محروم ہیں، مسلح افواج مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔

ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا یقین دلاتے ہیں کہ ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ رہیں گے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہم کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

Comments are closed.