کراچی ، سمندر سے تیل و گیس کے ذخائر نہ مل سکے، ڈرلنگ کا کام بند

اسلام آباد(ویب ڈیسک)کراچی کے قریب گہرے سمندرمیں ڈرلنگ کے دوران تیل و گیس کے ذخائر نہ مل سکے، ڈرلنگ کا کام بند کردیاگیا۔

ذخائر کے حوالے سے وزارت پٹرولیم کے حکام کے مطابق کیکڑا ون کے مقام 5ہزار 740 میٹر کی ڈرلنگ کی گئی تاہم تیل و گیس کے ذخائر نہ ملنے کے بعد اب ڈرلنگ کا کام ترک کردیا گیا ہے۔

ٹیسٹنگ کے ابتدائی نتائج سے ڈی جی پیٹرولیم کنسوشیم کے آفس کو آگاہ کردیا گیا ہے،ڈرلنگ کا کام رواں سال جنوری میں شروع کیا گیا تھا۔

کیکڑا ون کے مقام پر اٹلی کی کمپنی ای این آئی کی قیادت میں جوائنٹ وینچر نے ڈرلنگ کی جس میں امریکی کمپنی ایگزون موبل کے علاوہ او جی ڈی سی اور پی پی ایل شامل رہے۔

ڈرلنگ کے منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 10 کروڑ ڈالر سے زیادہ کا رہا۔

وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اعلی حکومتی عہدیداروں کو توقع تھی کہ اس منصوبے سے تیل و گیس کے بڑے ذخائر ملیں گے جس سے ملکی معیشت کو زبردست فائدہ ہو گا تاہم یہ منصوبہ ناکام ہو گیا ہے۔

وزیرعظم نے گیس ذخائر ملنے کے حوالے سے دعا کرنے کی بھی اپیل کی تھی ذرائع کے مطابق اس ضمن میں وزیراعظم کو رپورٹ بھی دیدی گئی ہے۔

Comments are closed.