پاکستان پر حملہ بھارت کی آخری غلطی ہو گی،وزیراعظم عمران خان

میرپور آزاد کشمیر(ویب ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صرف آزاد کشمیر کے عوام نہیں سارا پاکستان آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے.

میرپور آزاد کشمیر میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس جلسے کا مقصد کشمیریوں کو ایک پیغام دینا ہےکہ کہ صرف آزاد کشمیر کے عوام نہیں سارا پاکستان آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے.

انھوں نے کہا کشمیریوں کے لیے بہت اچھا وقت آنے والا ہے، مودی نے چھ مہینے پہلے جو حماقت کی اور تکبر میں 5 اگست کو جو قدم اٹھایا، اس نے تکبر میں وہ غلطی کی جس کے بعد اللہ پر ایمان رکھ کر پیشن گوئی کرتا ہوں کہ اب کشمیر آزاد ہوگا۔

انھوں نے حالیہ بھارتی دھمکیوں کے جواب میں کہا کہ بھارت نے اگر پاکستان پر حملہ کیا تو یہ اس کی آخری غلطی ہو گی.
پانچ اگست سے پہلے دنیا کشمیر کو بھول چکی تھی، کوئی کشمیر کا نام نہیں لیتا تھا.

دنیا آج کشمیر سے کرفیو اٹھانے کا مطالبہ کررہی ہے، کشمیر کا بہت اچھا وقت نظر آرہا ہے، اب کرفیو زیادہ دیر تک نہیں رہ سکے گا، کشمیر سے جس دن کرفیو اٹھے گا، انسانوں کا سمندر نکلے گا، ایک ہی آواز آئے گی اور آزادی کی آواز آئے گی، اس کے بعد مودی کے پاس کوئی اور پتہ کھیلنے کے لیے نہیں رہے گا۔

انھوں نے کہا پاکستان کے سربراہ بھی اس کا نام نہیں لیتے تھے لیکن ان 6 مہینوں میں آج کشمیر دنیا کے سامنے آگیا، اس سے پہلے ہندوستان 50 سال پوری کوشش کرگیا کہ کشمیر انٹرنیشنلائز نہیں ہوگا، ھارت ہمیشہ کہتا تھا کہ یہ دونوں ممالک کا آپس کا مسئلہ ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مودی نے سارے الیکشن میں پاکستان کو برا بھلا کہا، بالاکوٹ میں ہمارے درخت شہید کیے اور کہا کہ پاکستان میں 350 دہشت گرد ماردیے اور دو جہاز گرادیے، مجھے تو تکلیف ہوتی ہے کہ کوئی درخت گرائے۔

وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی فوج کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بڑی مونچھوں والا پائلٹ گرا ہم نے وہ بھی دے دیا، ساری الیکشن مہم میں مودی نے انتہا پسند آر ایس ایس کی نفرتوں کو بڑھاوا دیا.

وزیراعظم نے کہا پاکستان پر امن ملک ہے پاکستان آج وہ ملک ہے جو دنیا کے مسئلے حل کرتا ہے، ہم نے پوری کوشش کی کہ ایران اور سعودیہ میں لڑائی نہ ہو، کوشش کی کہ ٹینشن کم ہو۔

عمران خان نے کہا کہ 1965 کے بعد پہلی مرتبہ صرف 6 ماہ میں کشمیر تین مرتبہ جنرل اسمبلی میں اجاگر ہوا، یورپی یونین کے اراکین نے بھی کشمیر پر آواز اٹھائی جو کبھی نہیں ہوا، اب دنیا کشمیر کے حالات جان گئی ہے.

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مودی نے جو بیان دیا کہ 11 دنوں میں پاکستان کو فتح کرلوں گا، لگتا ہے کہ مودی نے دنیا کی تاریخ نہیں پڑھی، لگتا ہے آپ کی ڈگری جعلی ہے.

انھوں نے کہا مودی نے جو تکبر بھرا بیان دیا کوئی انہیں دنیا کی تاریخ بتائے، دنیا کی طاقت ور فوج 19 سال سے افغانستان میں ہے ان کے بھی جنرلوں نے کہا تھا چند دنوں میں افغانستان کو فتح کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مودی اور ان کے کمانڈر انچیف کو پیغام دیتا ہوں کہ آپ پانچ اگست کو ایک حماقت کر بیٹھے ہیں اور اگر اب یہ غلطی کی تو یاد رکھنا کروڑوں پاکستانی اور بچہ بچی آخری سانس تک لڑنے والا ہے.

عمران خان نے کہا ہم تمہارا مقابلہ کرکے دکھائیں گے، ہماری فوج منجھی ہوئی ہے، دنیا کی بڑی بڑی فوجیں وہ جنگ نہیں جیت سکیں جو ہماری فوج نے جیتی، اس لیے مودی اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ پاکستان میں ایکشن لے کر ہندوتوا کو اوپر لائیں گے، اگر آپ نے یہ کیا تو یہ آپ کی آخری غلطی ہوگی۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہمارے دعائیں کشمیریوں کے ساتھ ہیں، دنیا کو ہر جگہ بتائیں گے کہ کشمیریوں کے ساتھ کیا ہورہا ہے، کشمیر کے لوگوں کو کسی قسم کی مدد چاہیے ہو سب آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Comments are closed.