پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا، گھوڑے کم


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)بظاہر یہ اقتصادی سروے تھا 21-2020 کا لیکن اس میں انکشاف یہ سامنے آیا کہ ملک میں گدھوں کی تعداد بڑھ گئی ہے تاہم گھوڑے، خچر اور اونٹوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا۔

سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں 1 لاکھ کا اضافہ ہوگیا ہے اور یوں ملک میں گدھوں کی تعداد 55 لاکھ تھی جو 1 لاکھ کے اضافے کے بعد 56 تک پہنچ گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں بھینسوں کی تعداد میں 12 لاکھ کا اضافہ ہوا، جو پہلے 4 کروڑ 12 لاکھ تھیں اب 4 کروڑ 24 لاکھ ہوچکی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں بھیڑوں کی تعداد میں بھی 4 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے، جو پہلے 3 کروڑ 12 لاکھ تھے، اب 3 کروڑ 16 لاکھ ہوچکے ہیں۔

سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ بکروں کی تعداد میں 21 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے، یوں 7 کروڑ 82 لاکھ سے تعداد 8 کروڑ 3 لاکھ ہوگئی ہے۔

اقتصادی سروے میں انکشاف کیا گیا کہ ملک میں گھوڑوں، اونٹوں اور خچروں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے، گھوڑوں کی تعداد 4 لاکھ، خچر 2 لاکھ اور ملک میں اونٹوں کی تعداد 11 لاکھ برقرار رہی۔

میڈیا کو بتایا گیا کہ ملک میں ایک سال کے دوران 19 لاکھ مویشیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ جس کے نتیجے میں مویشیوں کی تعداد 4 کروڑ 96 لاکھ سے بڑھ کر 5 کروڑ 15 لاکھ ہوگئی ہے۔

اقتصادی سروے کی رپورٹ اگرچہ معیشت کے مختلف اہداف سے متعلق تھی تاہم گدھوں اور گھوڑوں کے اعدادو شمار سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر یہ خبر موضوع بحث رہی۔

Comments are closed.