پاکستان سفارتی رابطوں میں متحرک، اسحاق ڈار کی امریکی ناظم الامور سے ملاقات،سعودی وزیرخارجہ سے رابطہ
فوٹو : فائل
اسلام آباد: وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور نیٹلی بیکر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، پاک امریکا تعلقات اور ایران سے متعلق جاری سفارتی رابطوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال، علاقائی سلامتی اور سفارتی کوششوں کے مختلف پہلو زیر غور آئے۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں میں سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ علاقائی حالات میں سفارت کاری، مذاکرات اور مسلسل رابطے ہی دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں تنازعات کے پرامن حل، مذاکرات اور تعمیری سفارت کاری کا حامی رہا ہے۔
ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، اقتصادی تعاون، سیکیورٹی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مثبت انداز میں آگے بڑھانا خطے کے امن اور ترقی کے لیے اہم ہے۔
اسحاق ڈار نے پاکستانی اور ایرانی ملاحوں کی سنگاپور کے ذریعے محفوظ واپسی میں امریکی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی بنیادوں پر تعاون اور سفارتی ہم آہنگی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں نہ صرف خطے میں تناؤ کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی بلکہ مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کی راہ بھی ہموار کریں گی۔
سفارتی حلقوں کے مطابق حالیہ دنوں میں پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران متوازن اور فعال سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور مختلف عالمی قوتوں کے ساتھ رابطے برقرار رکھے ہوئے ہے۔
اسحاق ڈار اور سعودی وزیر خارجہ کی ٹیلیفونک گفتگو، خطے کی صورتحال پر
تبادلہ خیال
اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال، ایران امریکا مذاکرات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی، علاقائی سلامتی اور سفارتی کوششوں کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی۔
سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری اور متوازن کردار کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات کے تناظر میں اسلام آباد کی سفارتی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا۔
ٹیلیفونک گفتگو میں آبنائے ہرمز اور خلیجی پانیوں میں میری ٹائم سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے عالمی تجارت، تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے بحری راستوں کے تحفظ کو انتہائی اہم قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارت کاری اور مسلسل رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر قریبی رابطہ برقرار رکھیں گے تاکہ امن، استحکام اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
پاکستان سفارتی رابطوں میں متحرک، اسحاق ڈار کی امریکی ناظم الامور سے ملاقات،سعودی وزیرخارجہ سے رابطہ
Comments are closed.