وزیراعظم کو بھرے مجمع میں شرم دلائی پھر معافی مانگ لی

کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے گیس بحران پر پہلے وزیر اعظم کو شرم دلائی پھر کارکنوں کے ردعمل سے بچنے کیلئے ٹوئٹر پر معافی مانگ لی.

فردوس شمیم نقوی نے کراچی میں گیس بحران پر گزشتہ روز سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا اور اپنی ہی تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کے خلاف خوب گرجے برسے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پاکستان میں چاہے حکومت ن لیگ کی ہو یا تحریک انصاف کی، اس شہرمیں گیس کی ڈیلیوری کبھی درست نہیں ہو سکی۔

انھوں نے کہا کہ مجھے اس سے کوئی سروکار نہیں ہے کہ وفاق میں کس کی حکومت ہے، لیکن مجھے یہ پتہ ہے کہ کراچی کے شہریوں کو گیس نہیں مل رہی۔

شمیم نقوی نے کہا کراچی میں گیس کی قلت سے گھریلو صارفین کو شدید دشواری کا سامنا رہتا ہے مگر تحریک انصاف کی حکومت میں بھی کراچی میں گیس کا مسئلہ جوں کا توں ہے۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا میں اس مسئلے پر شور مچاؤں گا اور شرم بھی دلاؤں گا، وزیر اعظم صاحب بھی سنیں، وزیر توانائی عمر ایوب بھی سنیں اور معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر بھی سنیں، میں شور بھی مچاؤں گا اور انہیں شرم بھی دلاؤں گا۔

جب جوش خطابت کے بعد انھیں اپنے الفاظ اور لہجہ یاد آیا اور اپنے کارکنوں کے ردعمل کا سوچا تو پھر اپنے گزشتہ روز کے بیان پر معذرت بھی کر لی ہے۔

ٹوئٹر پر بیان میں فردوس شمیم نقوی نے لکھا کہ میں تمام انصافیوں سے معافی مانگنا چاہتا ہوں۔ میرا ارادہ تھا کہ میں وزیراعظم سے وزیر توانائی اور ایس ایس جی سی کے بارے میں شکایت کروں۔

فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ اپنے لیڈر سے بھی معذرت چاہتا ہوں، جو کہ انتہائی پرعزم شخصیت ہیں۔

Comments are closed.