عمران خان کی منتخب نہیں ،چُنتخب، حکومت ہے ، مریم نواز ، بلاول بھٹو


لاہور ( زمینی حقائق ڈاٹ کام) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نوازکی ملاقات ہوئی ہے جس کے بعددونوں رہنماوں نے کہا کہ جمہوری احتجاج بھی کریں گے اور لانگ مارچ بھی ہوگا۔

ملاقات کے بعد مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جائز حکومتوں کو اپنی مدت مکمل کرنے کا حق ہوتا ہے لیکن ناجائز حکومت کو یہ حق نہیں دیا جاسکتا۔

ملاقات میں سینیٹ الیکشن کے دوان دونوں جماعتوں اور پی ڈی ایم کی حکمت عملی کے حوالے سے پیش بندی کی گئی دونوں جماعتوں یوسف رضا گیلانی کو جتوانے کے عزم کااظہار کیا۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ حکومت کے خلاف ہمارا احتجاج جمہوری ہے حکومت مخالف احتجاج کو جمہوریت مخالف نہیں کہا جاسکتا اور ہم اسی جدو جہد سے عمران خان کو گھر بھجوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے سینیٹ الیکشن کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کی انتخابی مہم بہت اچھی طرح چل رہی ہے۔

ضمنی انتخاب نے ثابت کردیا ہے کہ پورے پاکستان کے عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہے اور گیلانی صاحب کی کامیابی کے ساتھ یہ ثابت ہوجائے گا کہ پارلیمان بھی پی ڈی ایم کے ساتھ ہے۔

مریم نواز نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر میں نے بیرون ملک جانا ہوتا تو میرے خلاف ایک اور مقدمہ نہ بنتا ، اس بات سے سمجھ جائیں کہ ہم کیا چاہتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے واضح کیا کہ عمران خان کی حکومت منتخب نہیں چُنتخب ہے اس لئے آئینی مدت پوری کرنے کا فارمولا منتخب حکومت پر اپلائی ہوتا ہے چُنتخب حکومت پر نہیں ہوتا۔

جاتی عمرہ میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری، یوسف رضا گیلانی اور پیپلزپارٹی کے وفد کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام پر روز منہگائی کی صورت میں قیامت ٹوٹتی ہے، غیر منتخب حکومت نے تین سال میں عوام کی زندگی تنگ کر دی ہے، تحریک انصاف کے خلاف ہر صوبے میں بغاوت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح حکومت کی سپورٹ ختم ہوتی نظر آرہی ہے، یوسف رضا گیلانی کو جمہوریت پسند لوگ چاہتے ہیں جبکہ تحریک انصاف اور عمران خان قوم کا مجرم ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ جو عوام کے ساتھ کھڑے ہیں یوسف رضا گیلانی ان کے امیدوار ہیں، مجھے امید ہے کہ ہر جمہوریت پسند، ہر وہ انسان جس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو وہ تحریک انصاف نہیں دے گا

بلاول بھٹو نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے لے کر بلوچستان کے پشین تک حکومت کو ان ضمنی انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا پڑا ہے، عوام نے سیلیکٹڈ کو ہر ضمنی انتخاب میں مسترد کردیا ہے۔

Comments are closed.