ملک بھر میں20مئی سے30ٹرینیں چلانے کااعلان

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے عید الفطر کے پیش نظر 20 مئی سے ملک بھر میں 30 ٹرینیں چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پر عمل در آمد کی شرط پر ٹرینیں چلانے کی منظوری دی ہے۔

پریس کانفرنس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملک بھر میں ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر 20 مئی سے 30 ٹرینیں چلائی جائیں گی اور حالات سازگار رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں بحال کردیں گے۔ ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا ایس او پیز پر عمل در آمد کے حوالے سے کل تمام اسٹیشنوں پر ریہرسل کی جائے گی۔ ٹرینوں میں سواری آدھی کردی گئی ہے اور کرایہ میں اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے عوام سے مسافروں کو چھوڑنے کے لیے ریلوے اسٹیشن نہ آنے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ صرف مسافر ریلوے اسٹیشن آئیں اور ماسک لگا کر آئیں اور شہری ہروقت لَا إِلَہَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَکَ إِنِّی کُنْتُ مِنَ الظَّالِمِینَ کا ورد جاری رکھیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ اس کے باوجود اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژن ہیڈ کیخلاف کارروائی کروں گا، ہمار ا مقصد عوام کو سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے عوام کو بھی اپنے بھلے کا سوچنا چایئے ۔

شیخ رشید نے کہا کہ نہ تو حکومت کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے اور نہ ہی نیب آرڈیننس میں ترمیم ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ اگر ترمیم آئی تو مخالفت کروں گا۔ حکومت چلتی رہے، گی چلتی رہے گی، البتہ جس نے ملک لوٹا وہ سارے اندر ہوں گے۔ 31 جولائی سے پہلے جھاڑو پھر جائے گی۔

کورونا وائرس وبا کے پیش نظر ملک بھر میں 24 مارچ کو ٹرین سروس بند کردی گئی تھیں جس کے باعث شہروں سے دور دراز علاقوں میں اپنے گھروں کو جانے کے لیے مسافروں کو پریشانی کا سامنا تھا۔

Comments are closed.