قبائلی اضلاع سے یکجہتی کیلئے 4جون کو عید کااعلان کیا، شوکت یوسفزئی

پشاور(ویب ڈیسک) کے پی حکومت نے پہلے4جون کو مولانا پوپلزہی کے مطا بق عید منانے کااعلان کیا تھا پھر قضاروزہ رکھنے کا اعلان کردیا۔

صوبائی وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے 28 روزوں پر عید منانے کے باعث ایک روزہ قضا رکھنے کا اعلان کردیا ہے جب کہ ان لوگوں سے جنہوں نے 28 روزوں پر عید کی ہے ان سے بھی ایک قضا روزہ رکھنے کے لیے کہا ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے پہلا روزہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق7 مئی کو رکھا تھا جس کے تحت 3 جون تک ہمارے 28 روزے ہوئے ہیں۔

4 جون کو عید منانے کے بعد وزیراعلیٰ اور کابینہ کے دیگر ارکان ایک قضاء روزہ رکھیں گے، اور وہ لوگ جنہوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اعلان کے مطابق پہلا روزہ رکھا تھا وہ بھی ایک قضا روزہ رکھیں۔

شوکت یوسف زئی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مقامی طور پر عید کرنے کے حوالے سے مرکزی حکومت سے رابطہ کیا۔

وزیراعلیٰ محمود خان نے خود وزیراعظم کے ساتھ رابطہ کرتے ہوئے انھیں قبائلی اضلاع سے متعلق صورت حال اور اظہار یکجہتی کے تحت مقامی طور پر عید منانے کے فیصلے سے آگاہ کیا ۔

شوکت یوسفزئی کے مطابق وزیراعظم نے بھی وزیراعلیٰ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے انھیں اپنے حالات کے مطابق فیصلہ کرنے کے لیے کہا۔

صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا کہ ہمارا کسی سے اختلاف کا معاملہ نہیں بلکہ ہم قبائلی عوام کو یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ صوبائی حکومت اور پورا صوبہ ان کے ساتھ کھڑا ہے اسی لیے صوبائی حکومت کی سطح پر 4 جون کو عید کرنے کا اعلان کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ قبائلی علاقہ جات میں مقامی رویت ہلال کمیٹیوں کے اعلان کے مطابق عید کی جاتی ہے اس لیے اگر ہم ان سے ایک دن بعد عید کرتے تو یہ مناسب اقدام نہ ہوتا اور اس سے یہی تاثر پیداہوتا کہ صوبائی حکومت اور قبائلی عوام الگ، الگ کھڑے ہیں۔

Comments are closed.