فوج اور حکومت میں تاریخ کی بہترین کوآرڈی نیشن ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد( ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں پہلے اداروں کی الگ الگ سوچ ہوتی تھی لیکن فوج اور حکومت کے درمیان آج تاریخ کی بہترین کوآرڈنیشن موجود ہے ۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمت کے تعین کا جائزہ لیا گیا۔

انھوں نے کہا سیمنٹ، ڈیزل، بجلی اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ جبکہ سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔

موجودہ حکومت کے پہلے 6 ماہ میں مہنگائی میں صرف ایک اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ن لیگ کے پہلے 6 ماہ میں مہنگائی میں چھ اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ غریب ترین لوگوں کے لیے صحت کارڈ کا اجرا کیا گیا ہے، اگلے مرحلے میں فنکار اور صحافیوں کو شامل کیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا تھا کہ پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے دفتر کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال جبکہ نیب کیسز میں ملوث دیگر ملزموں کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی اے سی شہباز شریف مطلوب افراد کو بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پبلک اکاوٴنٹس کمیٹی کے دفتر کو استعمال کرنے پر شہباز شریف کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں منسٹر انکلیو کے گھر خالی کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشاہد اللہ منسٹر انکلیو میں قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ ایسے لوگوں سے قانون کے مطابق گھر واپس لیے جائیں۔

فواد چودھری نے بتایا کہ پرتگال اور فرانس کے بعد 8 اور یورپی ممالک پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوئزاری تبدیل کر رہے ہیں، یہ بہت بڑی کامیابی ہے، اس سے پاکستان میں ٹورازم کا انقلاب آئے گا۔

پنجاب حکومت کے سابق وزیر بلدیات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں عبدالعلیم خان کی گرفتاری کے حوالے سے بات نہیں ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے اختیارات کم کرنے کے بجائے بڑھانے کی ضرورت ہے کیونکہ احتساب پاکستان کی ضرورت ہے، ایسا نہیں لگنا چاہیے کہ بیلنس ایکٹ ہو رہا ہے۔

کابینہ اجلاس میں پرویز خٹک کی سربراہی میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھنے کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے گھریلو صارفین کے بلوں میں اضافے کا آڈٹ کرانے کا حکم دیا۔ کابینہ نے وقار الحسن کو قائم مقام ایم ڈی پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور طارق اقبال کو آڈٹ اوور سائٹ بورڈ کا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دی۔

کابینہ نے کرتار پور راہداری پر ترقیاتی کام کا جائزہ لینے کے لئے گورنر چودھری سرور کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔ سی ڈی اے کو معذور افراد کے لئے عمارتوں میں سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت۔

وزیراعظم نے قبائلی علاقوں کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد وہاں ترقیاتی کام اور انتظامی امور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ کابینہ اجلاس میں 21نکاتی ایجنڈا زیر غور آیا۔

Comments are closed.