عمران خان میرے دوست اور اچھے کرکٹر تھے، چوہدری نثار علی

سابق وزیرِداخلہ چوہدری نثار کی سینیٹ اجلاس میں شرکت کے حوالے سے خدشات موجود تھے لیکن چوہدری نثار ووٹ ڈالنے پہنچ گئے۔ اس موقع پر چوہدری نثارعلی نے میڈیا سے بھی گفتگو کی۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز میں نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی تو یہ بات بھی خبروں کی زینت بن گئی، پارلیمانی پارٹی میں شرکت نہ کرنا کوئی خبر نہیں، پارلیمانی پارٹی میں شرکت کے لیے سب ارکان کو دعوت دی جاتی ہے۔

انھوں نے واضح کیاکہ میں 4 سال کے دوران ہونے والے کسی بھی اجلاس میں نہیں گیا بلکہ جب نوازشریف وزیراعظم تھے اس وقت بھی میں نے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم شا ہدخاقان عباسی سے اتفافیہ ملاقات ہوگئی تاہم ووٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔

چوہدری نثار نے کہا عمران خان اور میں ایچی سن کالج میں اکٹھے تھے، وہ میرے دوست ہی نہیں بلکہ اچھے کرکٹر بھی تھے اور میں خود بھی کرکٹ کھیلتا رہا ہوں لیکن اب نا ہی عمران خان کرکٹ کھیل رہے ہیں نہ میں کھیل رہا ہوں۔

اس موقع پر جب ان سے سوال کیاگیا کہ شہبازشریف پارٹی صدر بن گئے تو آپ فرنٹ فٹ پر آئیں گے تو چوہدری نثار نے جواب دیا کہ میں کرکٹ نہیں کھیل رہا کہ فرنٹ فٹ یا بیک فٹ پر جاوٴں، ووٹ پول کرنے آیا ہوں ۔ پارٹی کے حوالے سے نہیں آج سینیٹ پرہی بات کریں۔

Comments are closed.