شمالی وزیرستان چیک پوسٹ پر حملہ قابل مذمت ہے، وزیر دفاع

اسلام آباد(ویب ڈیسک)وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ شمالی وزیر ستان میں ہماری فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ قابل مذمت ہے،سپائیوں نے فائرنگ کے بعد اپنے دفاع میں فائرنگ کی۔

میڈیا کو جاری بیان میں وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ کل شمالی وزیرستان میں ایک افسوسناک واقعہ ہوا جس میں ہماری فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا گیاجو انتہائی قابل مذمت ہے۔

انھوں نے کہاحکومت کو مسائل کا ادراک ہے آئین کے تحت مطالبات پورے کئے جارہے ہیں لیکن کسی کو ایسی لا قانونیت کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ایک گروپ نے پوسٹ پر براہ راست فائرنگ کی،سپاہیوں نے پہلے اْنہیں پر امن طریقے سے منتشر کرنے کی کوشش کی، پھر اْن کے فائر کے جواب میں ہوائی فائرنگ کے زریعے منتشر کرنے کی کوشش کی۔

مگر جب اْن کے فائر سے پانچ جوان زخمی ہوئے تو پوسٹ پر موجود سپاہیوں نے اپنے دفاع میں جوابی فائر کیا۔جس سے ہجوم میں کچھ ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

پرویز خٹک کا کہنا ہے یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے جو کہ نہیں ہونا چاہیے تھا،بد قسمتی سے اِ س عمل کی قیادت ہمارے دو ممبرانِ اسمبلی کر رہے تھے۔

پاکستانی قوم، بالخصوص ہمارے قبائلی بھائیوں اورافواج پاکستان نے بہت قربانیوں کے بعد ملک میں امن و امان قائم کیا ہے۔ آپریشنز کے دوران قبائلی اضلاع میں ہمارے قبائلی بھائیوں نے بہت سی تکالیف کا سامنا کیا ہے۔

انھوں نے کہا وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف دونوں اِس بات کااظہار کر چکے ہیں کہ ریاست ماں ہوتی ہے اور ہمیں اپنی عوام بالخصوص قبائلیوں کی مشکلات کا احساس ہے۔

اْن کے تمام جائز مطالبات آئین و قانون کے اند ررہتے ہوئے پورے کیے جا رہے ہیں اورحکومت اْس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھے گی جب تک اْن کی مکمل سماجی اور معاشرتی بحالی نہیں ہو جاتی۔

پرویز خٹک نے کہا تاہم کسی بھی شخص یا گروہ کو عوام کی تکالیف اور مشکلات کو جواز بنا کر اِس پر کسی قسم کی سیاست یا لاقانونیت کی اجازت نہیں دی جاے گی۔

Comments are closed.