سی ایس ایس کیلئے ملک بھر میں رجسٹریشن کا آغاز

فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)ملک بھر میں سینٹرل سپیرئیر سروسز (سی ایس ایس) 2021 کے امتحانات کے لیے رجسٹریشن کا آغاز ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے سرکاری ذرائع کے مطابق ملک بھر سے تمام تر امیدوار جو سی ایس ایس 2021 کے امتحانات میں شرکت کرنا چاہتے ہیں ان کی 5 اکتوبر 2020 سے آن لائن رجسٹریشن شروع ہو چکی ہے۔

رجسٹریشن کے حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ طلبہ سی ایس ایس 2021 کے امتحانات میں شرکت کے لیے فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) پورٹل پر درخواست جمع کرا سکتے ہیں جب کہ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 نومبر مقرر کی گئی ہے۔

امیدواروں کی معلومات کیلئے دی نیوز سے بات کرنے والے سرکاری ذرائع نے کہا کہ درخواست دہندگان کو لازمی دستاویزات کے ساتھ اپنی درخواست کی ہارڈ کاپی فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کے ہیڈ کوارٹر میں 13 نومبر 2020 سے پہلے جمع کروانا ہوگی۔

سی ایس ایس کے امتحانات 18 فروری 2021 سے ملک کے 19 شہروں میں ہوں گے جن میں ایبٹ آباد، بہاولپور، ڈی جی خان، ڈی آئی خان، فیصل آباد، گلگت، گوجرانوالہ، حیدرآباد، اسلام آباد، کراچی، لاہور، لاڑکانہ، ملتان، مظفر آباد، پشاور، کوئٹہ، راولپنڈی اور دیگر شامل ہیں۔

سی ایس ایس کیلئے گریجویشن میں سیکنڈ ڈویژن رکھنے والے 21 سے 30 سال کے بعد مرد و خواتین بشمول خصوصی افراد امتحانات دینے کے اہل ہوں گے جب کہ خصوصی افراد کے لیے عمر میں 2 سال کی رعایت ہوگی۔

اعلامیہ میں واضح کیا گیاہے کہ سی ایس ایس 2021 کے امتحانات میں شرکت کے خواہشمند طلبہ اس ویب سائٹ سے http://www.fpsc.gov.pk/ فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

Comments are closed.