افغانستان کرکٹ ٹیم کا جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین کار حادثے میں جاں بحق

جلال آباد(ویب ڈیسک)افغانستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین نجیب ترکئی ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے بعد افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھی بلے باز نجیب ترکئی کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نجیب ترکئی کو افغان شہر جلال آباد میں حادثہ پیش آیا جہاں انہیں ایک تیز رفتار گاڑی نے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور جانبر نہ ہوسکے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر افغان کرکٹ بورڈ نے 29 سالہ کرکٹر نجیب ترکئی کی موت کی تصدیق کی ہے اور گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا گیا ہے۔

افغان کرکٹ بورڈ نے اپنے پیغام میں کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے جارحانہ اوپننگ بلے باز کے انتقال پر کرکٹ سے پیار کرنے والے افغان شہریوں کے دل ٹوٹ گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نجیب ترکئی نے 2014 میں ہونے والے ایشیا کپ میں ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے اپنا پہلا میچ بنگلادیش کے خلاف کھیلا تھا جب کہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی حصہ لیا تھا۔

افغانستان کرکٹ کے حوالے سے سے ایک اور تشویشناک خبر بھی سامنے آئی ہےاور
ایک کار بم دھماکے میں افغانستان کے امپائر بسم اللہ جان شنواری شدید زخمی ہوگئے جب کہ ان کی فیملی کے 7 افراد دھماکے میں جاں بحق ہوئے۔

دھماکا افغانستان کے مشرقی صوبے ننگر ہار میں ہوا جس میں ایک سرکاری عمارت کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے میں 15 افراد جاں بحق اور 40 کے قریب زخمی ہوئے جن میں متعدد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

Comments are closed.