فیفا ورلڈکپ 2026 ،دفاعی چیمپئن ارجنٹینا انگلینڈ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا

فوٹو : سوشل میڈیا

اسلام آباد : فیفا ورلڈکپ 2026 ،دفاعی چیمپئن ارجنٹینا انگلینڈ کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا،  دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم 85 منٹ تک آگے تھی اور اسے ایک صفر کی برتری حاصل تھی پھر مصر کے میچ کی طرح ارجنٹینا یکے بعد دیگرے 2 گول کرکے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

خسارے میں جانے کے باوجود دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹینا نے انگلینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کی جانب سے گول فرنانڈس اور مارٹینز نے اسکور کئے۔

اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ ابتدا سے ہی انتہائی سنسنی خیز رہا، میچ کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا اور دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے کو دھکے دیکر گیند حاصل کرنے کی کوششیں کرتے رہے۔ 

دونوں ٹیموں نے پہلے ہاف میں گول کرنے کی بھرپور کوششیں کی لیکن یہ ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ تاہم دوسرے ہاف میں انگلینڈ کی جانب سے گورڈن نے 55 ویں منٹ میں پہلا گول بنایا، اس گول کے ذریعے انگلش ٹیم نے ابتدا میں سبقت حاصل کی تھی۔

میچ کے 85 ویں منٹ میں فرنانڈس اور کھیل کے انجری ٹائم کے دوسرے منٹ میں مارٹینز نے ارجنٹینا کے لیے گول کرکے انگلینڈ کا 60 سال بعد فائنل میں پہنچنے کا خواب چکنا چور کردیا۔

فائنل میں ارجنٹینا کا مقابلہ اسپین سے اتوار کی شب ہوگا، انگلش ٹیم تیسری پوزیشن کے لیے ہفتے کی شب فرانس کا مقابلہ کرے گی۔

واضح رہے کہ ارجنٹائن کی ٹیم ساتویں بار فیفا ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچی ہے، تین بار اسے چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل رہا جبکہ تین بار رنرز اپ رہی۔

Comments are closed.