فیفا ورلڈ کپ 2026 ، اسپین نے فرانس کو 2-0 سے ہرا کر 16 برس بعد فائنل میں جگہ بنا لی

فوٹو : رائٹرز 

اسلام آباد: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر 16 برس بعد ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

میگا ایونٹ کے 23ویں ایڈیشن کے سیمی فائنل میں اسپین نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور فرانس کو دباؤ میں رکھا۔ اسپین نے پہلے ہاف میں برتری حاصل کی اور پھر دوسرے ہاف میں ایک اور گول کرکے اپنی کامیابی یقینی بنا دی۔

اسپین کی جانب سے پہلا گول 22ویں منٹ میں میکل اویارزابال نے پنالٹی کک پر کیا۔ یہ رواں ورلڈ کپ میں ان کا پانچواں گول تھا، جس کے بعد وہ ٹورنامنٹ کے نمایاں اسکوررز میں شامل ہوگئے۔

دوسرے ہاف میں اسپین نے اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا جب پیڈرو پورو نے 58ویں منٹ میں شاندار شاٹ کے ذریعے دوسرا گول اسکور کیا۔ فرانس نے واپسی کی کوشش کی، تاہم اسپین کی مضبوط دفاعی لائن اور گول کیپر نے تمام حملے ناکام بنا دیے۔

اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 میں عالمی چیمپئن بننے کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ دوسری جانب فرانس کی مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ فائنل کھیلنے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ فرانس 2018 میں عالمی چیمپئن جبکہ 2022 میں رنر اپ رہا تھا۔

اب ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم، ارجنٹینا یا انگلینڈ، سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا سیمی فائنل بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پاکستانی وقت کے مطابق رات 12 بجے کھیلا جائے گا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 ، اسپین نے فرانس کو 2-0 سے ہرا کر 16 برس بعد فائنل میں جگہ بنا لی

Comments are closed.