خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا اعلان
فوٹو : فائل
اسلام آباد:خیبرپختونخوا کے 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات مؤخر کرنے کا اعلان،پندرہ روز مزید مشاورت کی جائے گی الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی منظوری کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق صوبے کی 23 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، جو 14 ستمبر 2026 کو ہونا تھے، مؤخر کر دیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140-اے اور الیکشن ایکٹ 2017 کی متعلقہ شقوں کے تحت کیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کی مدت 19 جون 2026 کو مکمل ہونے کے بعد 120 روز کے اندر بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی حکومت سے مشاورت اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات کے شیڈول پر نظرثانی کی گئی۔
چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا نے 8 جون 2026 کو انتخابات مؤخر کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر غور کے بعد الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا کہ صوبے کے 23 اضلاع میں انتخابات کے انعقاد کے لیے مزید 15 روز تک مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد بلدیاتی انتخابات کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
Comments are closed.