سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو نیب نے گرفتار کرلیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو نیب نے گرفتار کرلیا۔

سراج درانی کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل سے گرفتار کرکے نیب راولپنڈی کے دفتر منتقل کر دیا گیا۔ سراج درانی کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا۔

سراج درانی پر اپنے حلقے میں ترقیاتی فنڈز میں خرد برد کا بھی الزام ہے۔ نیب اعلامیہ کے مطابق آغا سراج درانی کو نیب ہیڈکوارٹرز کے انٹیلی جنس ونگ اور نیب راولپنڈی کی معاونت سے گرفتار کیا گیا۔

نیب ٹیم نے گرفتاری کے کچھ ہی دیر بعد سراج درانی کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا اور راہداری ریمانڈ کی درخواست کی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آغا سراج درانی کا تین دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں تین دن میں کراچی کی متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔

احتساب عدالت سے راہداری ریمانڈ لینے کے بعد سراج درانی کو نیب کراچی کے حوالے کیا جائے گا۔ نیب کراچی نے آغا سراج درانی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

گزشتہ سال اپریل میں چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے آغا سراج درانی اور سندھ اسمبلی کے سیکرٹری غلام محمد کے خلاف غیر قانونی تقرریوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری شروع کرنے کی منظوری دی تھی۔

Comments are closed.