ٹینس سٹار ثانیہ مرزابھی ہندو انتہا پسندوں کےنشانے پر

ممبئی( نیٹ نیوز) پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا بھی ہندو انتہاپسندی کا شکار ہو گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی جے پی کے رہنما راجہ سنگھ نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ثانیہ مرزا پاکستان کی بہو ہیں ان سے ریاست تلنگانا کی خیرسگالی سفیر کا اعزاز واپس لے لیا جائے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ چندرا شیکھر راو سے درخواست کی کہ وہ ثانیہ مرزا کو خیرسگالی سفیر بنانے کا اقدام فوری طور پر واپس لیں۔

وہ کہتے ہیں تلنگانا میں بہت سے اعلیٰ کھلاڑی موجود ہیں جنہوں نے میڈلز جیت کر بھارت کا نام روشن کیا، بھارت کو اپنی نمائندگی کے لئے پاکستان کی بہو کی ہرگز ضرورت نہیں ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ثانیہ مرزا نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ٹوئٹر پیغام شیئر کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ کیوں نامور شخصیات کو کسی بھی حملے پر حب الوطنی کا ثبوت سوشل میڈیا پر مذمت کرکے دینا ضروری ہے؟

انہوں نے لکھا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سوشل میڈیا پر چیخ چلا کر ثبوت دیا جائے ، میں اپنے ملک کے لیے کھیلتی ہوں اور یہی میری اپنے ملک کے لیے خدمات ہیں۔

بھارت میں پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستانی فنکاروں پر پابندیاں لگیں، نجوت سدھو کو کپل شرما شو سے الگ کیا گیا اور بھارتی انتہا پسند اب ہر کسی سے الجھ کر انھیں غدار قرار دے رہے ہیں۔

Comments are closed.