وینزویلا میں شدید زلزلوں سے تباہی، ہزاروں اموات کا خدشہ، ہنگامی حالت نافذ
فوٹو : سوشل میڈیا
کراکس: وینزویلا میں پے در پے آنے والے دو طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) نے ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پہلا زلزلہ 7.1 شدت کا ریکارڈ کیا گیا، جس کے چند ہی منٹ بعد 7.5 شدت کا دوسرا زلزلہ آیا۔ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے آنے والے ان جھٹکوں سے عمارتیں لرز اٹھیں اور متعدد علاقے شدید متاثر ہوئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دارالحکومت کراکس سمیت مختلف شہروں میں درجنوں عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں، جبکہ بڑی تعداد میں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے زلزلے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ متعدد عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں اور کراکس کے مرکزی مائی کیٹیا ایئرپورٹ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ان کے مطابق اب تک 32 افراد کی ہلاکت اور 700 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔
حکومت نے ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔
ادھر امریکی جیولوجیکل سروے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقوں میں بھی 5.6 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد تقریباً 10 لاکھ افراد کے لیے الرٹ جاری کر دیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی رپورٹس انتہائی تشویشناک ہیں اور بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے امریکی اداروں کو متاثرین کی فوری امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔
وینزویلا میں شدید زلزلوں سے تباہی، ہزاروں اموات کا خدشہ، ہنگامی حالت نافذ
Comments are closed.