کویت میں ایرانی ڈرون حملہ، 6 امریکی فوجی ہلاک، امریکی کمانڈرز پر وارننگ نظر انداز کرنے کا الزام

فوٹو : سوشل میڈیا 

واشنگٹن/کویت: امریکی اخبار کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران یکم مارچ کو کویت کی بندرگاہ شعیبہ پر ہونے والے ایرانی ڈرون حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک جبکہ درجنوں اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق زخمی ہونے والے متعدد فوجیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی، جبکہ حملے میں بچ جانے والے امریکی اہلکاروں نے دعویٰ کیا ہے کہ اعلیٰ فوجی حکام کو پہلے ہی اس فوجی تنصیب کی سکیورٹی سے متعلق وارننگ دی گئی تھی، لیکن ان انتباہات کو نظر انداز کیا گیا۔

امریکی اخبار کے مطابق متعلقہ فوجی اڈے کو ممکنہ ایرانی حملے کے خطرے سے آگاہ کیا گیا تھا، تاہم حفاظتی اقدامات مؤثر انداز میں نہیں کیے گئے، جس کے باعث جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

دوسری جانب امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جوابی کارروائیوں کے دوران 140 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ڈرون تنصیبات، میزائل لانچنگ سائٹس، کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز اور دیگر عسکری انفراسٹرکچر شامل تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حملے اور امریکی جوابی کارروائیوں نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے، جبکہ فوجی ماہرین کے مطابق ایسے واقعات مشرق وسطیٰ میں سکیورٹی کی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا سکتے ہیں۔

تاہم اس رپورٹ میں کیے گئے بعض دعوؤں کی آزاد ذرائع سے باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی، جبکہ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی جانب سے بھی اس حوالے سے تفصیلی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔

کویت میں ایرانی ڈرون حملہ، 6 امریکی فوجی ہلاک، امریکی کمانڈرز پر وارننگ نظر انداز کرنے کا الزام

Comments are closed.