خواتین کی موٹروے واقعہ کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی ریلی

فوٹو: زمینی حقائق ڈاٹ کام

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) ملک کے مختلف شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی لاہور-سیالکوٹ موٹروے میں گینگ ریپ واقعے کے خلاف سول سوسائٹی اور خواتین نے احتجاجی ریلی نکالی اور اس موقع پر سی سی پی او لاہو ر عمر شیخ کی برطرفی کامطالبہ کیاگیا۔

مظاہرین نے ریپ اور مخنث افراد سے متعلق کی گئی قانون سازی پر عمل درآمد اور جنسی زیادتی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزائیں دینے کا بھی مطالبہ کیا،حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ عوامی مقامات پر خواتین کو تحفظ دیا جائے، صنفی حساسیت کو نصاب میں متعارف کروایا جائے۔

اسلام آباد میں مظاہرے میں شامل ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی سابق رکن اظہر نسرین نے کہا کہ عورت اللہ تعالیٰ کی خوب صورت تخلیق ہے اور اسلام نے عورت کو احترام دیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ زیادتی کا یہ پہلا کیس نہیں ہے، ہم موٹروے پر پیش آنے والے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ (ڈبلیو ڈی ایف) کی صدر عصمت شاہ جہان نے کہا کہ ملک میں عورت اور بچے یہاں تک کے جانور بھی محفوظ نہیں اور گھروں میں عورت رشتہ داروں سے جبکہ دفاتر میں مرد اسٹاف سے محفوظ نہیں ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہمیں وہ ریاست منظور نہیں جس میں انصاف نہ ہو اور مجرموں کا ساتھ دیا جائے۔

عصمت شاہین نے کہا کہ اب پاکستان کے فیصلے ہم عورتیں کریں گی، ‘پاکستان کے سماج، اقدار اور قانون کو تبدیل کرو’،ڈبلیو ڈی ایف کی کارکن طوبیٰ سید نے کہا کہ ‘جب تک ہمیں یہ کہا جائے گا کہ گھر سے باہر اکیلی مت نکلیں، اس وقت تک ریپ ہوتا رہے گا۔

عورت مارچ کے منتظمین کی جانب سے اسلام آباد، لاہور، ملتان، پشاور اور کراچی میں احتجاج کیا گیا جہاں تشدد کے خاتمے، حقوق اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی اقدامات، کیپٹل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) لاہور عمر شیخ اور دیگر عہدیداروں کا احتساب، ادارہ جاتی اصلاحات اور شفاف تحقیقات سمیت دیگر مطالبات پیش کیے گئے۔

عوامی ورکرز پارٹی اسلام آباد کی کارکن ماریہ ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین خوف میں زندگی گزار رہی ہیں اور جب وہ آزادی کی بات کرتی ہیں تو ان پر لعن طعن کی جاتی ہے، جب تک طاقتور قانون سے بچ نکلیں گے تب تک سماج میں جنسی درندے بدستور جنم لیتے رہیں گے۔

ادھر لاہور کے لبرٹی چوک میں بھی خواتین کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی اور موٹروے گینگ ریپ کیس کی متاثرہ خاتون کو انصاف فراہم کرنے اور سی سی پی او لاہور عمر شیخ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالب کیا۔

Comments are closed.