جہانگیر ترین جانتے ہیں عمران خان کو بلیک میل نہیں کیا جا سکتا، شاہ محمود

اسلام آباد (ویب ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جہانگیرترین اچھی طرح جانتے ہیں عمران خان کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا.
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب عمران خان نے تسلی دی کہ انتقامی کاروائی نہیں ہوگی تو پھر ارکان اسمبلی کے اجتماعات کرنابے معنی ہے.

انھوں نے کہا کہ یہ وقت عمران خان پر دباؤ ڈالنے کی بجائے ان کے ہاتھ مضبوط کرنے کا ہے، میں دیانتداری سے کہتا ہوں کہ جہانگیرترین کو اپنا سیاسی حریف نہیں سمجھتا.

وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ جہانگیرترین اور میرا ضلع ایک نہیں ہے، ہمارا انتخابی حلقہ ایک نہیں ہے، جہانگیرترین عملی سیاست میں نہیں ہیں، جب میں حج کیلئے روانہ ہوا تو میں نے ایمانداری کے ساتھ ان کو گلے لگایا اور ماضی کی تلخیوں کو بھلا دیاہے۔

شاہ محمود نے کہا پہلی بات یہ ہے کہ جہانگیرترین جن ارکان اسمبلی کو جمع کررہے ہیں وہ لیڈر کو کس کو مانتے ہیں؟ جب عمران خان نے ارکان اسمبلی سے ملاقات میں تسلی دی کہ انتقامی کاروائی نہیں ہوگی تو پھر اس قسم کے اجتماعات بے معنی ہیں۔

جہانگیرترین عمران خان کے مزاج کو مجھ سے زیادہ جانتے ہیں، جہانگیرترین جب اس طرح کے حربے استعمال کریں گے تو وہ جانتے ہیں عمران خان دباؤ میں نہیں آئیں گے۔عمران خان بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے ان کو منطق اور دلائل سے قائل کیا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے عمران خان کو دھمکایا نہیں جاسکتا۔ میری گزارش ہے کہ اپنے انداز درست کریں، تحریک انصا ف کا ووٹر، سپورٹر اس انداز کو پسند نہیں کرتااور وہ کارکن سمجھتے ہیں کہ ان کے لیڈر کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

عمران خان کس کس سے لڑے، وہ اپوزیشن سے لڑے، مافیا سے لڑے، اپنی جماعت کے اندر انتشار کو روکے؟اس وقت عمران خان کو دباؤ میں ڈالنے کی بجائے ان کے ہاتھ مضبوط کرنے کا وقت ہے۔

واضح رہے تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنماء جہانگیرترین کی پیشی کے سلسلے میں انہوں نے ہم خیال گروپ کو عشائیہ دیا جس میں اہم فیصلہ بھی کیا گیا.

Comments are closed.