سکول، کالجز اور یونیورسٹیز 15 ستمبر سے کھولنے کا اعلان

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)حکومت نے ملک بھر میں تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہےاور پندرہ ستمبر سے نویں، دسویں، کالجز اور یونیورسٹیز کھل جائیں گی.

یہ فیصلہ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیرصدارت تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس میں کیا گیاجس میں وفاقی وزارت تعلیم اور صوبوں نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔

اتفاق رائے سے 15 ستمبر سے تعلیمی اداروں میں پڑھائی کا سلسلہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا کہ 15ستمبر سے اسکولوں میں نویں، دسویں کی کلاسیں، کالج اور جامعات کھول دی جائیں۔

اجلاس میں پری پرائمری اور پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے شروع کرنے پر بھی اتفاق کیاگیا جب کہ چھٹی سے آٹھویں تک کی کلاسیں 23 ستمبر سے شروع ہوں گی۔

اجلاس کے بعد میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ والدین کا شکریہ جنہوں نے انتہائی تحمل سے 6 ماہ گزارے، 15ستمبر سے ہائر ایجوکیشن کے ادارے اور کالجز کھل جائیں گےجب کہ نویں، دسویں اور گیارہویں کی کلاسز کو بھی اجازت دےدی گئی ہے۔

شفقت محمود نے تصدیق کی کہ 23ستمبر کو چھٹی،ساتویں اور آٹھویں جماعت کےطلبا بھی اسکول جاسکیں گے جب کہ 30ستمبر سے پری پرائمری اور پرائمری کلاسز بھی شروع کی جاسکیں گی۔

انھوں نے کہا کہ بچوں کی صحت کو مانیٹر کرنا بہت ضروری ہے، تمام تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز نافذ ہوں گی،مختلف تعلیمی اداروں میں ہر دو ہفتے بعد ٹیسٹنگ اور اسکریننگ ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ دعاکرتے ہیں کہ اللہ تعالٰی ہمیں اس فیصلے میں سرخروکرے، اگلے مرحلے میں امتحانات سےمتعلق فیصلے کیے جائیں گے.

واضح رہے کہ تعلیمی ادارے کھلنے کا سب کو انتظار تھا بین الصوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں صوبائی حکام کے علاوہ چیئرمین اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی شریک ہوئے ۔

اس سے پہلے یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ ماہرین کے مشورے پر تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے اورملک بھر کے تعلیمی ادارے کھلنےکی تاریخ 15ستمبرمقرر کی گئی تھی.

آج ہونے والے اجلاس میں وزارت صحت کے حکام سے بریفنگ کے بعد اداروں میں سرگرمیوں کی بحالی سے متعلق سفارشارت زیر غور آئیں اجلاس میں مختصر تعلیمی نصاب اور 2021 میں امتحانات پر بھی گفتگو ہوئی۔

کورونا وائرس پاکستان میں پھیلنے کے بعد سے ملک بھر کے تعلیمی ادارے فروری سے بند ہیں تاہم اب ملک میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیے جانے کے بعد تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا.

Comments are closed.