باجماعت نمازاور جمعہ کےاجتماعات کو محدود کرنےکافیصلہ

ویب ڈیسک

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)کوروناوائرس خطرات کے باعث وفاقی حکومت نے علمائے کرام کی مشاورت سے مساجد میں باجماعت نماز اور نماز جمعہ کے اجتماعات کو محدود کرنے کا فیصلہ کیاہے۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا،وفاقی وزیر نے کہا آج مساجد اور نماز جمعہ سے متعلق چند اہم فیصلے کیے گئے ہیں.

انھوں نے کہا علمائے کرام کے ساتھ  باہمی مشاورت سے نماز جمعہ کے اجتماعات اور نمازِ باجماعت کو محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نماز جمعہ میں انتظامیہ اور محدود تعداد میں نمازی مسجد آئیں گے۔

نورالحق قادری نے کہا کہ علمائے کرام نے کورونا سے متعلق اقدامات کا اختیار صدر مملکت کو دیا ہے اور اسی مشاورت کی روشنی ہی میں فیصلے کیے گئے ہیں۔ علمائے کرام نے بھرپور تعاون کیا ہے اور مدارس میں تدریس، امتحانات اور دیگر سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں۔

وزیر مذہبی امور نے علما سے درخواست کی ہے کہ  لوگوں کو گھروں میں رہ کر عبادات کا اہتمام کرنے کی ترغیب دی جائے۔ ہم مساجد کو بند نہیں ہونے دیں گے، وہاں ذکر اذکار ، تلاوت اور اذان و نماز کے معمولات جاری رہیں گے تاہم وبا کے پیش نظر مساجد میں نمازیوں کی حاضری محدود رکھنے کی اپیل کی ہے۔

انھوں نے کہا حج انتظامات سے متعلق سعودی عرب نے انتظامات سے متعلق معاہدوں سے روکا ہے تاہم حج سے متعلق حتمی فیصلہ سعودی فرماں رواں شاہ سلمان کریں گے ، اس سے پہلے حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا.

Comments are closed.