ایس ای سی پی کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل بازیاب

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے لاپتہ ہونے والے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل بازیاب ہوکر گھر پہنچ گئے۔

ساجد گوندل نے ٹوئٹر پر اپنے بازیاب ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ میں واپس آ گیا ہوں اور محفوظ ہوں۔وہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے لاپتا ہوگئے تھے۔ ان کی گاڑی زرعی تحقیقاتی مرکز شہزاد ٹاؤن کے قریب کھڑی ملی تھی۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کوہدایت کی تھی کہ یہ معاملہ وفاقی کابینہ میں اٹھایا جائے اور وفاقی حکومت اور سیکیورٹی ادارے 17 ستمبر تک ساجد گوندل کی بازیابی یقینی بنائیں۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بھی ایس ای سی پیکے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کے اغوا کے معاملے پر 3 رکنی کمیٹی قائم کی گئی تھی جس میں مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر، وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری اور سیکرٹری داخلہ کو کمیٹی میں شامل کیا گیا تھا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے ساجد گوندل کو بازیاب کرانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تھی۔

جوائنٹ ڈائریکٹر کے اہلخانہ نے کہا تھا کہ ساجد گوندل چک شہزاد میں خاندان کے ملکیتی ڈیری فارم گئے تھے، تاہم فارم کے عملے کا کہنا ہے کہ وہ بعد ازاں وہاں سے چلے گئے تھے۔

ساجد گوندل کی اہلیہ نے شہزاد ٹاؤن تھانے میں واقعے کی شکایت درج کرائی جس میں انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ ان کے شوہر کو ‘نامعلوم افراد نے اغوا’ کر لیا گیا ہے۔

ساجد گوندل کی والدہ نے بیٹے کی گمشدگی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی تھی جس پر عدالت نے پیر تک سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر کو بازیاب کرانے کا حکم دیا تھا۔

Comments are closed.