ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کر دیا
فوٹو : فائل سوشل میڈیا
تہران: ایران نے لبنان میں جنگ بندی کے بعد آبنائے ہرمز کھولنے کا اعلان کر دیا، اس حوالے سے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کے بعد ’آبنائے ہرمز‘ کو تمام تجارتی جہازوں کی آمد و رفت کے لیے عارضی طور پر کھول رہے ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نےسوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ جنگ بندی کی بقیہ مدت کے دوران تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کی آمد و رفت اسی مربوط راستے پر ہوگی جس کا اعلان ’ایران کی پورٹس اینڈ میری ٹائم آرگنائزیشن‘ پہلے ہی کر چکی ہے۔
In line with the ceasefire in Lebanon, the passage for all commercial vessels through Strait of Hormuz is declared completely open for the remaining period of ceasefire, on the coordinated route as already announced by Ports and Maritime Organisation of the Islamic Rep. of Iran.
— Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) April 17, 2026
ایران کی جانب سے یہ اعلان لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس اعلان کو عالمی تجارت اور تیل کی بلا تعطل ترسیل کے حوالے سے ایک انتہائی مثبت اور اہم سفارتی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ایران نے امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات میں لبنان میں جنگ بندی کو بنیادی شرط قرار دیا تھا، تاہم امریکا اور اسرائیل نے لبنان میں جاری کارروائیوں کو امریکا-ایران جنگ بندی سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو اور لبنانی صدر جوزف عون سے رابطے کے بعد 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر فضائی حملوں اور ایرانی قیادت کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے آبنائے ہرمز کو بند کردیا تھا۔
ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے اعلان کیا تھا کہ کسی بھی دشمن ملک کے جہاز کو یہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کو تباہ کر دیا جائے گا۔
Comments are closed.