اِن کیمرہ اجلاس کی باتیں کرنے والا جس کا بھی ترجمان ہےاُسے چپ کرائیں،بلاول

کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اِن کیمرہ اجلاس کی باتیں کرنے والا جس کا بھی ترجمان ہے انہیں چاہیے کہ اُسے چپ کرائیں، ہم ملکی سلامتی پر متحد ہیں، ان کیمرا اجلاس کی بات باہر نہیں کرتے۔

کراچی بلاول ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا آئندہ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس ہو یا کوئی بھی معاملہ ہوا ایسے کسی اجلاس میں پیپلز پارٹی شریک نہیں ہوگی جس میں شیخ رشید موجود ہوں گے میں نہیں جاؤں گا۔

بلاول نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق اجلاس یا کوئی بھی ان کیمرہ اجلاس ہو تو اس کی تفصیلات سامنے نہیں لائی جاتیں لیکن کچھ غیر ذمہ دار لوگ جن کا تعلق نہ قومی سلامتی سے، نہ گلگت بلتستان سے نہ آزاد کشمیر سے نہ ہی خارجہ پالیسی سے تھا، انہوں نے مجبور کردیا ہے کہ میں اس حوالے سے بات کروں۔

چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جنہوں نے عسکری قیادت سے ہونے والی ملاقات میں ایک لفظ نہیں کہا وہ آج کل ہر ٹی وی چینل پر آکر بات کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے معاملے پر جو اجلاس بلایا گیا اس کے حوالے سے میڈیا پر ایسی باتیں کرنے سے معاملہ متنازع ہوتا ہے بلاول بھٹو زرداری نے اِن کیمرہ اجلاس کی باتیں باہر کرنے والے کو چپ کرانے کا مطالبہ کیا.

ان کا کہنا تھا کہ جس نے اجلاس میں ایک لفظ نہیں کہا، وہ باہر ٹی وی پر باتیں کر رہا ہے، ایسی باتوں سے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کے امور متنازع بنتے ہیں۔

آرمی چیف کی طرف سے کسی خاص ترمیم پر بات کرنے سے متعلق بلاول نے کہا کہ اِن کیمرہ اجلاس کی باتیں کرنے والا جس کا بھی ترجمان ہے انہیں چاہیے کہ اُسے چپ کرائیں، ہم ملکی سلامتی پر متحد ہیں، ان کیمرا اجلاس کی بات باہر نہیں کرتے۔

وزیراعظم عمران خان کے بارے میں بلاول نے کہا کہ عمران جب سے وزیراعظم بنے تمام بڑے ایشوز پر ناکام ہوئے، عمران خان میں اتنی اہلیت ہی نہیں کہ اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں۔

بلاول نے کہا کہ آرمی چیف کی طرف سے کسی خاص ترمیم پر کوئی بات نہیں ہوئی، گلگت بلتستان کی میٹنگ میں زیادہ بات صاف شفاف الیکشن پر ہوئی، انشاء اللہ ماضی میں جو اعتراضات رہے ہیں، وہ دورکیے جائیں گے۔

اس ملاقات کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھاکہ آرمی چیف سے ملاقات کے دوران شرکاء میں سے ایک کو کہا گیا آپ نے الیکشن کی رات فون کیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ عسکری قیادت کو فون کرنے والے پارلیمنٹیرین کا نام خواجہ آصف ہے، اس فون پر عسکری قیادت نے خواجہ آصف سے کہا کہ دھاندلی نہیں ہو گی اور پھر خواجہ آصف نشست جیت گیا۔

Comments are closed.