افغان صدر نے طالبان کو اقتدار میں شامل ہونے کی پیشکش کردی

فوٹو : رائٹرز

کابل(ویب ڈیسک) افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کو جنگ ختم کر کے اقتدار میں شامل ہونے کی پیشکش کردی ہے۔

خبر رساں ادارے اناطولو کی رپورٹ کے مطابق اشرف غنی نے ٹیلی ویژن سے خطاب میں کہا کہ افغانستان میں کوئی بھی جنگ اور تشدد کے ذریعے عوام پر اپنی مرضی کا نفاذ نہیں کرسکتا ہے.

مجاہدین کے جانب سے کابل میں سوویت حکومت کے خاتمے کی 29 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں افغان صدر نے کہا کہ امن عمل میں ماضی کے تلخ تجربات اور دانشمندی سے سبق سیکھنا چاہیے۔

افغان صدر نے یاد دلایا کہ افغانستان سیاسی اور سلامتی کے انتشار میں ڈوب گیا ہے اور یہاں ریڈ آرمی کے خلاف کامیاب ‘جہاد’ کے بعد تباہی دیکھی گئی ہے۔

اشرف غنی کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ طالبان جنگ ترک کریں اور اقتدار میں اشتراک کے لیے جمہوری طریقہ کار اپنائیں اس سے اپنے ملک کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا افغانستان ایک بار پھر سنگین حالات کا سامنا کر رہا ہے، جہاد کی کامیابی عوام میں ہم آہنگی اور قومی اتحاد کی وجہ سے تھی اور اسی ہم آہنگی اور متحد آواز کے ذریعے ہم پائیدار اور انصاف پسندی تک پہنچ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے رواں سال یکم مئی سے 11 ستمبر تک امریکی فوجیوں کے افغانستان سے انخلا کا اعلان کرچکے ہیں۔

Comments are closed.