آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا سکردو اور گلگت کا دورہ

فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی( زمینی حقائق ڈاٹ کام) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہترین تیاری ضروری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل بابر افتخار کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکردو اور گلگت کا دورہ کیا۔ سکردو پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف کو کنٹرول لائن پر تعینات افسروں اور جوانوں کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ گلگت کے دورے کے دوران آرمی چیف نے جدید ترین سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔

میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک سپیشل کمیونیکشن آرگنائزیشن نے بنایا ہے۔ پارک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں جدید ریسرچ کے لیے معاون ثابت ہو گا، علاقہ میں سائبر انڈسٹری کی ترقی کے حوالے سے پراجیکٹ اہم کردار ادا کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل کی طرف سے جاری اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سافٹ ویئر پارک دفاعی کمیونیکیشن کے شعبہ میں نوجوانوں کی صلاحیت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے خراب موسمی حالات کے باجود افسروں اور جوانوں کے بلند جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے دور دراز کے علاقوں میں سافٹ ویئر پارک ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک حوصلہ مند قدم ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے بہترین تیاری ضروری ہے۔

Comments are closed.