وزیراعظم ہاؤس میں کچھ لوگ میچور نہیں ہیں، شیخ رشید احمد

0


اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ اگرتحریک انصاف اپنے گندے کپڑے گھر کے اندر دھوئے تو آدھے مسائل ختم ہو جائیں۔

وہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کر رہے تھے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس میں کچھ لوگ میچور نہیں ہیں، اس لیے اب سوچتا ہوں کہ وزیراعظم ہاؤس زیادہ جایا کروں۔

انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف اپنے گندے کپڑے گھر کے اندر دھوئے تو آدھے مسائل ختم ہو جائیں، اگر پی ٹی آئی کے لوگ اپنے گندے کپڑے اپنے گھر میں دھوئیں تو اگلی حکومت بھی عمران خان کی ہوگی۔

ان کا کہنا ہے کہ اسدعمر کے ساتھ رابطے میں ہوں، وہ دو دن بعد اسلام آباد آرہے ہیں تو ان سے ملاقات کرکےکابینہ میں واپس لانے کی کوشش کروں گا۔

وفاقی وزیر کے مطابق عمران خان لوگوں کو وارننگ بھی دیتا ہے، اگر مسئلہ حل نہیں ہوتا وہ فیصلے بھی کردیتا ہے اور عمران خان کے ہر فیصلے میں ان کے ساتھ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری اچھا وزیراطلاعات تھا اور مجھ سے بہتر کارکردگی دکھارہا تھا، نوازشریف اور زرداری نے خزانے کو لوٹا، اس لیے اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار سے میری ملاقات نہیں ہوئی، عمران خان عثمان بزدار کے ساتھ ہیں اور عثمان بزدار سے متعلق حالیہ خبروں پر عمران خان سے پوچھا ہے، عمران خان نے جواب دیا کہ بزدارشریف آدمی ہیں، اس لیے ان کے حوالے سے ایسی خبریں چل رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے عثمان بزدار کے ساتھ سفرکیا ہے، وہ اتنے بھی سادہ نہیں جتنا ہم نے سمجھا ہوا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ صدارتی نظام میں اچھی چیزیں ہیں مگر پاکستان پارلیمانی نظام کے بغیر نہیں چل سکتا، عمران خان اپنے دوست کی قربانی دے کر ایک ایکسپرٹ کو لائے ہیں۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر ریلوے نے راولپنڈی میں ایسٹر کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ سری لنکا میں آج ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے میں بھی دو سے 300 مسیحی کام کرتے ہیں، میری خواہش ہے کہ مسیحی نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ نوکریاں دوں، راولپنڈی میں ایک ہزار مسیحیوں کو نوکریاں دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چین جا رہے ہیں تا کہ ایم ایل ون پر دستخط ہو جائیں۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ طاقتور کو کمزور اور کمزور کو طاقتور بنانا میری زندگی کا مشن ہے، خدا عمران خان کو کامیابی دے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.