تحریک انصاف کے ارکان کو سپیکر کی رہائش پر جانے سے روک دیا گیا
اسلام آباد: تحریک انصاف کے ارکان کو سپیکر کی رہائش پر جانے سے روک دیا گیا، جس کے بعد ان ارکان نے وہاں پر ہی احتجاجاً دھرنا دیا.
قومی اسمبلی سے استعفے واپسی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے 45 ایم این ایز کو سپیکر راجہ پرویز اشرف کی رہائشگاہ کی طرف جانا چاہ رہے تھے جنھیں جانے سے روک دیا گیا۔
تحریک انصاف کے 45 اراکین کے استعفے واپس لینے کے معاملے پر اراکین کے مشترکہ طور پر سپیکر کی رہائشگاہ جانے کے اعلان کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے.
اسلام آباد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی اراکین کو منسٹر انکلیو میں کے باہر روکا گیا اور انہیں بتایا گیا کہ انہیں آگے جانے کی اجازت نہیں ہے، جس کے بعد ممبران احتجاجاً وہیں دھرنا دے کر بیٹھ گئے.
منسٹر انکلیو کے باہر خواتین اہلکاروں سمیت پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔پی ٹی آئی اراکین نے اس موقع پر سخت احتجاج کیا اور نعرے بھی لگائے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وہ سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔
بعد ازاں پولیس سے مذاکرات کے بعد اراکین نے اپنا احتجاج ختم کردیا اور الیکشن کمیشن دفتر کی جانب روانہ ہو گئے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے 45 اراکین اسمبلی قومی اسمبلی سے اپنے استعفے واپس لینے کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے پارلیمنٹ پہنچے اور سپیکر راجہ پرویز اشرف کے وہاں موجود نہ ہونے پر اب تمام اراکین نے مشترکہ طور پر سپیکر کی رہائشگاہ جانے کا اعلان کیا تھا۔