کراچی ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم 408 رنز بناکرپویلین لوٹ گئی ، کیویز کو41 رنز کی برتری

  کراچی: پاک نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے 449 رنز کے جواب میں 408 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی، کیویز کو قومی ٹیم پر 41 رنز کی برتری حاصل ہے۔

چوتھا روز

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور میں محض ایک رنز کا اضافہ کرسکی، ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے، قومی ٹیم کے ہیرو مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 125 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، انکی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آج پاکستان کی آخری وکٹ اِش سودھی کے حصے میں آئی۔

نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف 41 رنز کی برتری حاصل ہے۔

تیسرا روز

دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو 29 رنز کے اضافے کے بعد اوپنر امام الحق جلد وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 83 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 19، شان مسعود 20، کپتان بابراعظم 24، آغا سلمان 41، حسن علی 4، نسیم شاہ بھی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میر حمزہ پہلی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

سرفراز احمد اور سعود شکیل نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 150 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، سرفراز 78 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوئے تھے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے 3، اِش سودھی نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

دوسرا روز

قبل ازیں، نیوزی لینڈ نے اپنی بقیہ اننگز 309 رنز 6 وکٹوں پر شروع کی لیکن اش سودھی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

کھانے کے وقفے کے بعد اعجاز پٹیل 35 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میٹ ہینری 68 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کیوی ٹیم کی جانب سے اوپنر ڈیون کانوے نے 122، ٹام لیتھم نے 71، ٹام بلنڈل نے 51 اور میٹ ہینری نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ مہمان ٹیم کی آخری جوڑی کے درمیان 104 رنز کی شراکت قائم کی گئی۔

قومی ٹیم کے لیگ اسپنر نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا جبکہ نسیم شاہ اور آغا سلمان نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میر حمزہ اور حسن علی کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

پہلا روز

دوسرے سیشن میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔ کین ولیمسن 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آوٴٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹام بلنڈل 30 اور اش سودھی 11 رنز پر وکٹ پر موجود ہیں۔

پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے اپنے تمام پانچ بولرز کا آزمایا تھا تاہم کوئی بھی بولر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کے اسکواڈ میں امام الحق، عبداللہ شفیق، شان مسعود، کپتان بابراعظم، سعود شکیل، وکٹ کیپر سرفراز احمد، آغا سلمان، حسن علی، نسیم شاہ، ابرار احمد، میر حمزہ جبکہ مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹام لیتھم، ڈیون کونوے، کین ولیمسن، ہینری نکولس، ڈیرل مچل، ٹام بلنڈل، مائیکل بریسویل، کپتان ٹم ساوتھی، اش سودھی، میٹ ہینری، اعجاز پٹیل شامل ہیں ۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ دیکھنے کے لیے تماشائیوں کا داخلہ مفت ہے۔

Comments are closed.