بلوچستان میں بارش و سیلاب، 22افراد جاں بحق ،متعدد زخمی
اسلام آباد(ویب ڈیسک )بارش کے باعث سیلابی ریلوں نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں تباہی مچا دی، 2 بچوں سمیت 22 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
ایران سے پاکستان میں داخل ہونے والے ہواوٴں کے سسٹم کے باعث بلوچستان کے طول وعرض میں جمعے سے جاری بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے۔
مستونگ میں بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے ویگن اور ٹرک میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق بولان کے علاقے بھاگ میں تیز بارش کی وجہ سے ایک مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور تین افراد زخمی ہوگئے جب کہ مسلم باغ میں بھی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے۔
تیز بارش کے بعد کوئٹہ شہر میں سیوریج کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات اور دشواری کا سامنا کرنا پڑا رہاہے۔
ادھر ضلع دکی کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق المبار ندی کا سیلابی پانی کلی مانزئی میں داخل ہونے سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا جب کہ بارکھان کے علاقے رت ہن ندی میں سیلابی پانی میں بہہ کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
ضلع ہرنائی میں سیلابی ریلے میں رابطہ پل بہہ جانے سے ہرنائی پنجاب شاہراہ بھی بند ہوگئی ہے۔
میرعلی خیل ڈی آئی خان روڈ پر لینڈ سلائڈنگ کے باعث ژوب ڈی آئی خان شاہراہ بھی ٹریفک کی آمدو رفت کے لیے بند ہوچکی ہے۔