استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر پی ٹی آئی وفد کل اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرے گا
فائل:فوٹو
اسلام آباد: تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے معاملے پر پی ٹی آئی وفد کل اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرے گا۔
پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ عامر ڈوگر نے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ کیا، جس میں طے پایا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی وفد کل اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریگا، جس میں شاہ محمود قریشی،عامر ڈوگر،اسدعمر،فواد چودھری، اسد قیصر اور پرویز خٹک شامل ہوں گے۔
ملاقات میں پی ٹی آئی وفد اسپیکر قومی اسمبلی سے اپنے ارکان کے استعفوں کی تصدیق کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ عامر ڈوگر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ارکان اسمبلی کے استعفوں کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سے رابطہ ہوا ہے.
ان کے بیرون ملک دورہ کے لیے روانگی کے باعث کل پیش ہونے کا پلان ملتوی کیا گیا، تاہم اسپیکر کی درخواست پر پی ٹی آئی وفد کل ان سے ملاقات کرے گا۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ اسپیکرسے ملاقات میں ارکان کے استعفوں پر اپنا موٴقف پیش کرنے کے ساتھ ارکان کے استعفوں کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی سے تاریخ طے کریں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ہم جب بھی اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا کہتے ہیں، وہ بھاگ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کل ہمارے ارکان قومی اسمبلی کااجلاس کے پی ہاوٴس میں ہوگا۔ ہم تو استعفوں کی تصدیق کے لیے جائیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے لیے اسپیکر کی عدم موجودگی کے باوجود اسپیکر آفس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس کل کے پی ہاوٴس اسلام آباد میں ہوگا، جس میں پارٹی چیئرمین عمران خان ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب بھی کریں گے۔
خیبر پختونخوا ہاوٴس میں ہونے والے اجلاس میں پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی اپنے استعفوں کی منظوری سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے۔
اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ تحریک انصاف کا استعفوں کی تصدیق کے لیے کل قومی اسمبلی جانے کا پلان ایک بار پھر ملتوی ہوگیا اور یہ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی ارکان کل خیبر پختونخوا ہاوٴس اسلام آباد میں بھی جمع نہیں ہوں گے، جہاں پارٹی چیئرمین عمران خان نے کل خطاب کرنا تھا۔
Comments are closed.