مراد سعید کو دھمکیاں ملنے پر صدر مملکت کا وزیراعظم و چیف جسٹس کو خط
اسلام آباد: مراد سعید کو دھمکیاں ملنے پر صدر مملکت کا وزیراعظم و چیف جسٹس کو خط لکھا ہے جس میں ان کی زندگی کو درپیش سنجیدہ نوعیت کے خطرات سے آگاہ کیاگیاہے۔
خط میں صدر ملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کو مشکوک افراد کی جانب سے تعاقب اور دھمکیاں ملنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور چیف جسٹس عمر عطا بندیال کو الگ الگ خط ارسال کردیئے۔
صدر مملکت کی طرف سے لکھے گئےخطوط میں تحریک انصاف کے رہنماو و سابق وفاقی وزیر مراد سعید کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے ان کے معاملات دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔
متن کے مطابق مراد سعید نے سعودی عرب واقعہ پر جھوٹے مقدمات کا الزام لگایا، جس بناء پر ان پر ایک ہی الزام میں متعدد مقدمات درج ہوئے، ایسے مبینہ اقدامات بنیادی انسانی حقوق کے خلاف ہیں۔
صدر مملکت نے اپنے خط میں لکھا کہ مرادسعید نے ملاکنڈ میں امن و امان کی صورتحال کا معاملہ اٹھایا، انہیں معاملہ اٹھانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں اور خاندان سمیت سوات چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مراد سعید نے مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں پر صدر مملکت عارف علوی کو خط کر مطلع کیا تھا کہ میرے خلاف جھوٹے مقدمات کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے۔
مراد سعید نے خط میں بتایا تھا کہ اگست سے اب تک مجھے جان سے مارنے کی کئی بار منصوبہ بندی کی گئی جب کہ حکام نے مطلع کیا کہ میری جان کو خطرہ ہے۔
یادرہے ایسے ہی دھمکیاں اور جعلی مقدمات کا سینئر اینکر و صحافی ارشد شریف کو بھی سامنا کرنا پڑا تھا تاہم چیف جسٹس کو خط لکھنے کے باوجود ان کی جان کے تحفظ کےلئے اقدامات نہ کئے گئے اور ارشد شریف کینیا میں بے دردی سے قتل کردیئے گئے۔
Comments are closed.