دہشتگردی کے خلاف جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی، آرمی چیف

فوٹو : آئی ایس پی آر 

راولپنڈی: چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کا دورہ کیا، اس موقع پر افسران سے گفتگو میں سپہ سالار نے کہا دہشتگردی کے خلاف جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی، آرمی چیف نے جوانوں کے حوصلوں کو سراہا۔

آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے  مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع خیبر کی وادی تیراہ کے دورہ کے دوران پاک افغان بارڈر پر تعینات فارورڈ فوجیوں کے ساتھ دن گزارا۔ 

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ کمانڈر نے ویسٹرن بارڈرز مینجمنٹ رجیم کے حصے کے طور پر آپریشنل تیاریوں اور بارڈر کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ 

 کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل ہونے والی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دو ٹوک موقف، کہا قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے. 

جنرل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کی،فرنٹ لائن  ڈیوٹی میں ان کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں پر ان کی تعریف کی۔

سپہ سالار نے واضح کیا دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ تب تک جاری رہے گی جب ہم پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں کر لیتے،مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور امن کو خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔

آرمی چیف نے بعد میں کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈ ر لیفٹیننٹ جنرل اظہر حیات نے ان کااستقبال کیا ، شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یادگار پرپھولوں کی چادر چڑھائی۔

اس موقع پر انھیں آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی. جس میں نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لیے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لیے محفوظ ماحول پیدا کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔

Comments are closed.