جسٹس عامر فاروق نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
فوٹو:اسکرین گریب
اسلام آباد:جسٹس عامر فاروق نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جبکہ جسٹس اطہر من اللہ ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید نے سپریم کورٹ جج کا حلف اٹھا لیاہے۔
جسٹس عامر فاروق نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ایوان صدر میں ہونے والی تقریب حلف برداری میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس عامر فاروق سے عہدے کا حلف لیا۔انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھٹے چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ آف پاکستان کے تین نئے ججز نے حلف اٹھا لیاہے ۔جسٹس اطہر من اللہ ، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید نے سپریم کورٹ جج کا حلف اٹھایا. چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے تینوں ججز سے حلف لیا. ۔
حلف برادری تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ کے ججز، بارکونسل کے نمائندے، وکلاء ، لاء افسران اور عدالتی افسران و عملہ نے شرکت کی۔تین نئے ججز آنے کے بعد سپریم کورٹ میں ججز کی کل تعداد 15 ہوگئی. سپریم کورٹ میں تاحال مزید دو ججز کی نشستیں خالی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں صدر مملکت نے جسٹس عامر فاروق کو جسٹس اطہر من اللہ کی جگہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کرنے کی بھی منظوری دی تھی۔
Comments are closed.