کیڈٹ کالج مری میں ساتویں جماعت کے طالب سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج

فوٹو: فائل

 راولپنڈی: کیڈٹ کالج مری میں ساتویں جماعت کے طالب سے مبینہ زیادتی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مبینہ زیادگی ہاسٹل میں اسلحہ کی نوک پر کی گئی۔

واردات تھانہ مری کے علاقے میں واقع کیڈٹ کالج مری میں کی گئی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں زیادتی کرنے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمہ میں 2 ملزمان سمیت مدد کرنے میں ملوث 4 ملزمان بھی شامل ہیں مقدمہ درج ہونے کے بعد2 ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیاہے۔

ایف آئی آر میں متاثرہ بچے کے والد نے بتایا کہ میں  لاہور کا رہائشی ہوں اور اپنے 12 سالہ بیٹے کو کیڈٹ کالج مری میں داخل کروا رکھا ہے، جو کالج کے ہاسٹل میں رہائش پذیر ہے۔

والد کے مطابق بیٹا ساتویں جماعت میں زیر  تعلیم ہے۔ 16 اکتوبر کو فون پر بیٹے سے بات ہوئی تو اس نے رونا شروع کردیا،مدعی مقدمہ کے مطابق بار بار دریافت کرنے پر  بیٹے نے کچھ نہ بتایا تو بیٹے کو لے کر گھر آ گیا۔

 بیٹا  انتہائی خوف زدہ اور سہما ہوا تھا۔ کچھ وقت بعد اس کے حواس بحال ہوئے  تو اس نے گواہوں کی موجودگی میں بتایا کہ 10 اکتوبر کی شب ہاسٹل کے کمرے میں سو رہا تھا کہ حسن آفریدی، شاہنواز، تیمور  اور سعود مسلح حالت میں آئے۔

http://

والد کے مطابق بیٹے نے بتایا کہ سعود  کے ہاتھ میں پستول تھا، جس  نے مجھے جگایا اور تیمور نے میرے گلے پر ہاتھ رکھ کر دبائے رکھا۔ دیگر 2 افراد حسن آفریدی اور شاہنواز نے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

 یہی نہیں بلکہ کسی کو بتانے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ بعد ازاں بیٹے نے تمام واقعہ پرنسپل کو بتایا تو پرنسپل نے ڈانٹ ڈپٹ کرکے بیٹے کو چپ کرادیا اور دھمکی دی کہ کسی سے ذکر کیا تو کالج سے نکال دوں گا۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس ٹیم  واقعے سے متعلق دریافت کے لیے کالج پہنچی تو انتظامیہ و طلبہ نےپولیس ٹیم کو کمرے میں بند کرکے پتھراؤ اور  ہوائی فائرنگ شروع کردی۔

 پتھراؤ سے پولیس موبائل وین کے شیشے ٹوٹ گئے۔ بعد ازاں  پرنسپل اور ایس پی کوہسار فیصل سلیم نے موقع پر پہنچ کر پولیس ٹیم کو آزاد کرایا۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی سے ایلیٹ فورس و دیگر نفری بھی طلب کرلی گئی۔

مزاحمت و پتھراؤ کرنے پر کالج کے ایڈمن آفیسر سمیت 9 نامزد افراد و دیگر طلبہ کے خلاف بھی الگ سے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ساتویں جماعت کے طالب سے زیادتی کرنے کے مقدمے میں ملوث 2 ملزمان حسن آفریدی اور سعود آفریدی کو گرفتار کرلیاگیا ہے جب کہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

Comments are closed.