حمزہ شہباز، مفتاح اسماعیل اور سلمان شہباز کے نام ای سی ایل میں شامل
اسلام آباد(ویب ڈیسک )پنجاب کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز، ان کے بھائی سلمان شہباز اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے نام ای سی ایل پر ڈال دیئے گئے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی(جیو) نے ذرائع سے خبر دی ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کے سابق سربراہ معین آفتاب کا نام بھی ای سی ایل میں شامل کردیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے ان افراد کے نام قومی احتساب بیورو (نیب) کی سفارش پر ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔
جمعہ کو نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ان کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب ٹیم انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔
بعد میں نیب اعلامیہ میں کہا کہ نیب لاہور کی ٹیم حمزہ شہباز کی آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کے کیس میں ٹھوس شواہد کی بنیاد پر گرفتاری کے لیے گئی تھی تاہم حمزہ شہباز کے گارڈز کی جانب سے غنڈہ گردی کا مظاہرہ کیا گیا اور نیب ٹیم کو باقاعدہ زدوکوب کیا ۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے پیش رفت جاری ہے اور کابینہ نے سرکولر لیٹر میں اس کی منظوری دے دی ہے۔