افغانستان کو101رنز سے ہرا دیا، کوہلی کی سنچری ، دونوں ٹیموں کا سفر تمام

فوٹو: اے ایف پی

دبئی : ضابطے کی کارروائی مکمل ہو گئی، بھارت نے افغانستان کو101رنز سے ہرا دیا، کوہلی کی سنچری ، دونوں ٹیموں کا سفر تمام ہوگیا اس کے ساتھ ہی بھارت اور افغانستان کی واپسی کی ٹکٹیں کٹ گئیں۔

سپرفور مرحلے کا آخری میچ دبئی میں کھیلا گیا ، افغانستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی ، ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے ٹیم کو پہلی ہی وکٹ پر 119 رنز کی اوپننگ شراکت رہی۔

پہلے کے ایل راہول 62 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، تو ایک چھکا لگانے کے بعد سوریا کمار یادیو بھی پویلین لوٹ گئے اس کے بعد بھارت کی مزید کوئی وکٹ نہیں گری۔

ریشبھ پنت نے20رنز بنا کر ویرات کوہلی کا ساتھ دیا، ویرات نے اپنی فارم میں شاندار واپسی کرتے ہوئے افغان بولرز کی درگت بنادی اور 53 گیندوں پر سنچری بھی بنائی، جو کہ تین سال بعد سنچری بنائی گئی ۔

مجموعی طور پر ویرات کوہلی نے 61 گیندوں پر 12 چوکوں اور 6 بلند و بالا چھکوں کی مدد سے 122 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 212 پر پہنچایا، دونوں وکٹیں فرید احمد نے لیں۔

جواب میں افغان بیٹنگ ریت کی دیوار ثابت ہوئی پہلے 9رنز پر 4وکٹیں گریں پھر26پر6آوٹ ہوگئے، 213 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 111رنز بناسکی۔

ابراہیم زادران 64 رنز بناکر نمایاں رہے،اس کے علاوہ راشد خان نے 15 اور مجیب الرحمان نے 18 رنز بنائے،بھارت کی جانب سے بھوونیشور کمار نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 4 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

Comments are closed.