شمالی وزیرستان میں فائرنگ کا تبادلہ، کیپٹن سمیت 5 جوان شہید، 4 دہشتگرد ہلاک

فوٹو: آئی ایس پی آر

راولپنڈی : شمالی وزیرستان میں فائرنگ کا تبادلہ، کیپٹن سمیت 5 جوان شہید، 4 دہشتگرد ہلاک، قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا.

آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا میں خفیہ اطلاعات پرآپریشن کیا۔

سکیورٹی فورسز کےآپریشن کے دوران پاک فوج اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جس میں 4 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر اعلامیہ کے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کےکیپٹن سمیت 5 جوان شہید ہوگئے۔

آپریشن میں وانا کے رہائشی 26 سالہ کیپٹن عبدالولی، نائب صوبیدار نواز، حوالدار غلام علی، لانس نائیک الیاس اور سپاہی ظفر اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔

شہید نائب صوبیدار نواز کا تعلق ایبٹ آباد، لانس نائیک الیاس شہید اور سپاہی ظفر اللہ شہید کا تعلق میانوالی جبکہ حوالدار غلام علی شہید کا تعلق سرگودھا سے ہے۔

آپریشن میں مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جبکہ ہلاک دہشت گردسکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرُعزم ہے.

Comments are closed.