شہادت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ ہمارے لیے مشعل راہ اور عظیم درس ہے،صدر،وزیراعظم کے پیغامات

اسلام آباد: یوم عاشور کے حوالے سے صدر مملکت اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ شہادت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ ہمارے لیے مشعل راہ اور عظیم درس ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عظیم قربانی میں ہمارے لیے پیغام ہے کہ ظلم و جبرپر مبنی باطل نظام کے خلاف حق اور سچائی کا علم بلند کرنا چاہیے۔ امّتِ مسلمہ کو حق و صداقت، دین کی بقا اور فروغ کے لیے ڈٹ جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ نواسہ رسول ﷺ نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اسے باطل قوتوں کے سامنے جھکنے نہ دیا۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہادت امام حسین اْمت مسلمہ کے لیے ایک عظیم درس ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ ان کے فلسفہ شہادت کو اپنے لیے مشعل راہ بنائیں اور حق کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی آزمائش کا جواں مردی اور اسقامت کے ساتھ مقابلہ کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ہمارا ملک جس نازک صورتحال سے دوچار ہے، ہمارے لیے اس جذبہ جواں مردی اور حق گوئی کی اہمیت بڑھ جاتی ہے۔ اس لیے وطن عزیز کو ان مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں صبر، ہمت اور یکسوئی کا مظاہرہ کرنا ہے۔

Comments are closed.