بلوچستان میں ہیلی کاپٹرکے لاپتہ ہونے پر وزیراعظم کا آرمی چیف سے ٹیلی فونک رابطہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ روز ہیلی کاپٹر میں لاپتا ہونے والے فوجی افسران کے لیے تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے آرمی ایوی ایشن کے لاپتا ہیلی کاپٹر سے متعلق تازہ ترین معلومات حاصل کیں اور 12 کور کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت فوج کے 6 افسران اور جوانوں کی سلامتی سے متعلق اپنی فکرمندی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بہترین پروفیشنل اور نہایت اچھے انسان ہیں۔ دعاگو ہوں کہ ہیلی کاپٹر میں سوار تمام لوگ بحفاظت ہوں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وطن کے ان بہادر بیٹوں کی بحفاظت واپسی کے لیے خصوصی دعا کریں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اس حادثے پر انتہائی مغموم اور افسردہ ہے۔ آرمی چیف سے گفتگو میں وزیراعظم نے سیلاب زدگان کے لیے امدادی کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ فرض شناس بیٹے خدمت کی اعلیٰ مثال بن کر سامنے آئے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ ہے اپنے بھائیوں، بہنوں، بچوں کی خدمت کا وہ عظیم جذبہ جو پاکستان کی حقیقی طاقت ہے۔
آرمی چیف نے گزشتہ شب سے جاری تلاش کی کارروائیوں سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
Comments are closed.