نئے پاکستان میں دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم عمران
اسلام آباد(ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے بھارتی وزیراعظم مودی ایک ہیجان زدہ شخص ہیں، وہ حملے سے دونوں ممالک کو جنگ کے دھانے پر لے آئے۔
برطانوی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت جنگی جنون میں مبتلا ہے، بھارت کے عام انتخابات سے قبل کچھ ہوسکتا ہے،
وزیراعظم نے کہا کہ پلوامہ واقعہ مودی حکومت نے جنگی جنون پیدا کرنے کیلئے استعمال کیا، پلوامہ حملہ مودی کی مسلم مخالف حکومت اور مقبوضہ کشمیر میں ان کی سخت پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا کالعدم تنظیم جیش محمد سے کوئی تعلق نہیں، نئے پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، ملک میں دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاوٴن جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے پر عزم ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے جس پر اس کے شکر گزار ہیں جب کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان چین کی کلائنٹ ریاست بن چکا ہے۔
ایم آئی ایف سے معیشت کے حوالے سے رجوع کرنے پر عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان آخری بار آئی ایم ایف کے پاس جارہاہے۔