پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 5 نشستیں بڑھ گیئں، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 5 نشستیں بڑھ گیئں، الیکشن کمیشن نے پنجاب کی مخصوص نشستوں پر تحریک انصاف کے نئے ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تحریک انصاف کے دو اقلیتی اور تین خواتین ارکان کا پنجاب اسمبلی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

طویل انتظار کے بعد بالآخر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کی پنجاب اسمبلی کی 5 مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ سنایا.

اقلیتی نشستوں پر حبکوک رفیق بابو اور سیموئیل یعقوب کا نوٹیفکیشن جاری ہوا جبکہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر بتول زین، سائرہ رضا اور فوزیہ عباس نسیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے تمام ارکان کا تعلق تحریک انصاف سے ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے اپنے 25 ارکان پنجاب اسمبلی کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد 3 خواتین اور 2 اقلیتی نشستیں نئے ارکان کو دینے کا مطالبہ کیا تھا.

مسلم لیگ (ن) نے 20 نشستوں پرضمنی انتخاب کے بعدپارٹی پوزیشن کے تحت مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس معاملے پر لاہور ہائیکورٹ نے 27 جون کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر ارکان کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کے حوالے سے تحریک انصاف کی درخواست منظور کرتے ہوئے مخصوص نشستوں پرنوٹیفکیشن جاری کرنےکی ہدایت کی تھی.

پنجاب اسمبلی میں اب ن لیگ کے پاس 166 سیٹیں ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کے7، تین آزاد اور ایک راہ حق پارٹی کا ایک ووٹ ہے، اس طرح حکومتی اتحادکے ووٹوں کی تعداد 177 بنتی ہے۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 158 اور (ق) لیگ کے 10 ارکان ملا کر اپوزیشن کے 168 ارکان تھے تاہم اب پی ٹی آئی کو 5 مخصوص نشستیں مل جانے کے بعد اپوزیشن اتحادکی تعداد173 ہو گئی ہے.

سپریم کورٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا دوبارہ انتخاب 22 جولائی کو کرانے کا حکم دے رکھا ہے جبکہ پنجاب کی 20 نشستوں پر ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوگا جس کے بعد پارٹی پوزیشن تبدیل ہوسکے گی.

Comments are closed.