چین سے قرض منظور ہوتے ہی ڈالر4 روپے 70 پیسے نیچے آگیا

اسلام آباد: چین سے قرض منظور ہوتے ہی ڈالر4 روپے 70 پیسے نیچے آگیا، ڈالر کی انٹربینک نئی قیمت 207 روپے 23 پیسے ہو گئی ہے۔

عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ پاکستان کے معاہدہ کے بعد روپے کی قدر میں اضافے کا امکان ہے۔ حکومت کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے گزشتہ روز چین سے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری کے اعلان نے جمعرات کو انٹر بینک میں پاکستانی روپے پر انتہائی مثبت اثر ڈالا ہے۔

جمعرات کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 4 روپے 70 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 211 روپے 93 پیسے سے گھٹ کر 207 روپے 23 پیسے پر آگیا۔

پاکستان کی تاریخ میں ایک روز کے دوران روپے کی قدر میں اتنا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے ، اس سے قبل 28 جون 2019 کو انٹر بینک میں پاکستانی کرنسی کی قدر 4 روپے بڑھی تھی۔

اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں واضح کمی دیکھی گئی ، جمعرات کو امریکی ڈالر 212 روپے سے کم ہوکر 209 روپے پر آگیا، اس طرح اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے سستا ہوا۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق چینی بینکوں کی جانب سے منظور کئے گئے قرض کی پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقلی اور آئی ایم ایف کی جانب سے قرض جاری کئے جانے کے بعد روپے کی قدر میں مزید کمی آ جائے گی۔

Comments are closed.