عمران خان نے تیل وگیس لینے کی بات کی تھی، روس کی تصدیق

کراچی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)عمران خان نے تیل وگیس لینے کی بات کی تھی، روس کی تصدیق، اس حوالے سے روسی قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ عمران خان رعایتی پیکیج چاہتے تھے.

انھوں نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے دورہ روس میں رعایتی قیمت پر گیس اور تیل کی فراہمی پر بات کی تھی تاہم معاہدہ نہیں ہوا تھا اس پر بات چیت ہونی تھی۔

کراچی میں پریس کانفرنس میں آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بھی تیل کی خریداری پر بات کی ہے، مغرب کے دباؤ کے باوجود پاکستان کے ساتھ روس کے تعلقات بہت بہتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روس پر مغرب نے غیر قانونی طور پر پابندیاں عائد کی ہیں، سیکیورٹی کونسل کی منظوری کے بغیر ہر پابندی غیر قانونی ہے، یوکرین کےخلاف کارروائی سیکیورٹی خدشات پر کی گئی.

ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کی جنگ میں مغرب یک طرفہ پروپیگنڈا کر رہا ہے، آزادی اظہار کے دعویدار مغرب نے روسی میڈیا کی آزادی سلب کی ہے۔

روسی قونصل جنرل نے کہا کہ روس کی معاشی حالت دوسرے کئی ملکوں سے بہت بہتر ہے تاہم یہ حقیقت ہے کہ معاشی پابندی روس کو متاثر کررہی ہیں.

Comments are closed.