ہلالِ احمر کے وفد کی صدرِ مملکت عارف علوی سے ملاقات
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ہلالِ احمر کے وفد کی صدرِ مملکت عارف علوی سے ملاقات ہوئی ہے جس صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہلالِ احمر پاکستان نے ہمیشہ سانحات و حادثات میں انسانیت کیلئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔
اِن خیالات کااظہار انہوں نے ہلالِ احمر کے چیئرمین ابرارالحق کی قیادت میں ملنے والے وفد سے کراچی یونیورسٹی دھماکہ کے دوران چین کے باشندے کو بچانے اور موقع پر فرسٹ ایڈردینے والے ہلالِ احمر کے رضاکارعلی شعیب سے ملاقات کے دوران کیا۔
جامعہ کراچی کے طالب علم علی شعیب وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے دھماکے کے وقت ریسپانس دیا، وہ آگ بجھانے والے آلات یونیورسٹی عمارت سے اُٹھا کر لائے، گاڑی کا شیشہ توڑ کر پہلے ڈرائیور کو باہر نکالا جو بدقسمتی سے فوت ہوچکا تھا۔
ہلالِ احمر سے فرسٹ ایڈ کی ٹریننگ لینے والے علی شعیب نے دیگر لوگوں کو بھی جائے وقوعہ سے دور رہنے کا کہا اورایک چینی باشندے کو موقع پر فرسٹ ایڈ دی۔
انہوں نے رینجر حکام کے آنے تک جائے وقوعہ کو مکمل کنٹرول میں رکھااور فرسٹ ایڈ دیتے ہوئے خود بھی زخمی ہوئے۔ علی نے تقریباً 3 ماہ قبل جامعہ کراچی میں ہلالِ احمر کی جانب سے منعقدہ فرسٹ ایڈ ٹریننگ کے دوران فرسٹ ایڈ کے طریقے سیکھے تھے۔
صدرِ مملکت نے علی شعیب کی کاوش کو سراہا، انہوں نے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ روابط مستحکم کرنے پر زور دیا، اُن کا کہنا تھا کہ رضاکار ہلالِ احمر کا قیمتی اثاثہ ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو فرسٹ ایڈ دینے کے طریقے سکھائے جائیں تاکہ موقع پر لوگوں کی قیمتی جانیں بچائی جاسکیں۔ وفد میں چیئرمین ہلالِ احمر ابرارالحق، وائس چیئرمین آصف باجوہ، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز بھی شامل تھے۔
Comments are closed.